Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کے صدر کی غزہ کے بحران پر علاقائی رہنماؤں سے گفتگو

امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے علاقائی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے علاقائی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو امارات کے صدر نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حامد الثانی، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ ال خلیفہ سے بات چیت کی ہے۔
رہنماؤں نے بات چیت میں علاقائی مسائل کے حل خاص طور پر غزہ کی پٹی میں بڑھتے بحران اور فوری جنگ بندی کے ساتھ عالمی قوانین کے مطابق انسانی بنیادوں پر شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنانے پر توجہ مرکوز کی۔
بات چیت میں رہنماؤں نے علاقائی کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے دو ریاستی حل کے ذریعے منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کی حمایت کا اعادہ کیا، جو پورے خطے میں استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔
گفتگو میں عرب ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ بین الاقوامی کوششوں کو تنازعات کے حل اور امن کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
فلسطین کے علاقے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے بدترین بمباری گزشتہ برس اکتوبر میں شروع کی گئی تھی۔

شیئر: