Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سنیما فار غزہ‘ گروپ کے پلیٹ فارم سے 3 لاکھ ڈالر سے زائد کے عطیات

اسرائیلی حملے کے چند ماہ بعد فلمی صحافی نے لندن میں گروپ قائم کیا۔ فوٹو انسٹاگرام (ہانا)
فلمی صنعت سے منسلک خواتین فلم سازوں اور فلمی صحافیوں کے گروپ ’ سنیما فار غزہ ‘ نے فلسطینیوں کے لیے برطانیہ کی خیراتی طبی امداد میں عطیات جمع کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ہالی وڈ رپورٹر نے بتایا کہ فلم صنعت سے منسلک معروف شخصیات سے جڑی منفرد اشیاء کی نیلامی سے عطیات کی مد میں 316,778 ڈالر اکٹھے کیے گئے ہیں۔
اس منفرد نیلامی میں برطانوی اداکارہ ٹلڈا سوئٹن،گلوکارہ اینی لینوکس، امریکی اداکار جوکین فینکس، امریکی فلم ڈائریکٹر سپائیک لی اور میکسیکن فلمسٹار گیلرمو ڈیل ٹورو کے عطیات شامل ہیں۔
اینی لینوکس کے لکھے معروف گیت ’Sweet Dreams‘ کے بول کی نیلامی سے عطیات میں 26222 ڈالر شامل کیے گئے ہیں۔
دریں اثناء فلم ’دی زون آف انٹرسٹ‘ کے ہدایت کار جوناتھن گلیزر نے اپنی فلم کے سات پوسٹرز عطیہ کیے جن پر موسیقار میکا لیوی اور پروڈیوسر جیمز ولسن کے دستخط ثبت تھے۔

اینی لینوکس نے گیت کے بول کی نیلامی سے 26222 ڈالر شامل کیے۔ فوٹو عرب نیوز

امریکی- مصری کامیڈین اور تخلیق کار ریمی یوسف نے اپنے لائیو شو کے علاوہ پارٹی  کے بعد ہونے والی ملاقات اور مبارک باد دی تقریب کی ٹکٹیں عطیہ کی ہیں۔
آسکر ایوارڈ یافتہ فونکس نے ’جوکر‘ کے دستخط شدہ پوسٹر عطیہ کئے ہیں، اس کے علاوہ فلمسٹار ڈیل ٹورو نے چھ دستخط شدہ کتابوں سے اس مہم میں تعاون کیا جب کہ سپائیک لی نے میلکم ایکس کے دستخط کے ساتھ فریم شدہ پوسٹر کا حصہ ڈالا۔

گروپ میں متعدد مذاہب مسلم ، عیسائی، یہودی اور ملحد خواتین شامل ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

لندن میں مقیم فلمی صحافی اور نقاد ہانا فلنٹ نے بتایا کہ مہم کے آغاز میں ہمارا خیال تھا کہ شاید اس سے ہم 25,000 ڈالر کا عطیہ  اکٹھا کر سکتے ہیں۔
قبل ازیں فلمی صحافی اور نقاد ہانا فلنٹ نے غزہ پر اسرائیل کے جاری فوجی حملے کے آغاز کے چند ماہ بعد اپنی فلمی صنعت کی دوستوں ہننا فار، جولیا جیک مین، لیلیٰ لطیف، سوفی مونکس کافمین اور ہیلن سیمنز کے ساتھ مل کر یہ گروپ ’سنیما فار غزہ‘ قائم کیا تھا۔

اداکار ڈیل ٹورو نے چھ دستخط شدہ کتابوں سے مہم میں تعاون کیا۔ فوٹو ایکس (ہانا)

فلمی صحافی نے بتایا کہ اس گروپ میں ہمارے ساتھ متعدد مذاہب مسلم ، عیسائی، یہودی اور ملحد خواتین شامل ہیں جو غزہ میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے ہماری حمایت میں باہر آئی ہیں۔
ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سنیما ایک طاقتور ذریعہ ہے جو سیاسی طور پر بھی دنیا کی عکاسی کرتا ہے اور ہم اس صنعت سے منسلک افراد کو اکٹھا کر کے ضرورت مند انسانوں کی بہتر طریقے سے مدد کر سکتے ہیں۔

شیئر: