مملکت میں آئندہ منگل تک موسمی اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان
جمعرات 18 اپریل 2024 0:00
مشرقی ریجن میں بارش کے بعد موسم بہتر ہوچکا ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کار عادل القازنلی نے کہا ہے کہ مملکت کے بیشترعلاقوں میں آئندہ منگل تک موسمی اتار چڑھاؤ کے امکانات ہیں۔
الاخباریہ چینل کے پروگرام ’عین الخامسہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوب مغربی پہاڑی علاقوں جیزان، جزائر فرسان، بلجرشی، بیشہ اور نجران میں بارش کا سلسلہ بھی رہنے کی توقعات ہیں۔
عادل القازنلی کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم دو موسموں کے درمیان اور موسمی اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔ آئندہ ہفتے کے بعد موسمی صورتحال واضح ہونا شروع ہوگی۔
علاوہ ازیں الیوم اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے موسمیاتی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل نے کہا کہ مشرقی ریجن کے بیشتر علاقے گزشتہ دو دنوں کے دوران ہونے والی شدید بارش کے بعد ہفتے کے آخر میں موسم بہتر ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت کم ہے۔ آئندہ دو دن تک درجہ حرارت کم ہی رہے گا جبکہ سنیچر سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں