Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی صدر اور شہباز شریف کا ٹیلی فونک رابطہ، بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر گفتگو

’شہباز شریف نے بارشوں کے دوران اماراتی حکومت اور عوام کے بلند حوصلے کو سراہا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
 وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ’شہباز شریف نے حالیہ بارشوں کے دوران متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے بلند حوصلے، مضبوط عزم اور بے مثال کارکردگی کو سراہا۔‘
 ’انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر کی تعریف کی جنہوں نے ایک بار پھر اپنی شاندار قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اماراتی عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا۔‘
 وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان میں بھی حالیہ دنوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔‘
’انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا اور تجویز دی کہ دونوں ممالک اس شعبے میں اپنے تعاون کو مضبوط کریں۔‘ 
وزیراعظم آفس کے مطابق ’اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیراعظم کے خیرسگالی کے جذبے کو سراہتے ہوئے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
 دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

شیئر: