Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید بارشیں، دبئی ایئرپورٹ نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

دبئی ایئرپورٹ نے شدید بارشوں کے باعث ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مسافروں کو ایئر پورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی بکنگ کے حوالے سے فضائی کمپنی سے رابطہ کرنا چاہیے۔‘
اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق ایمریٹس ایئرلائنز نے موسمی حالات کے باعث 18 اپریل تک آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 ایمریٹس ایئرلائنز نے کہا ہے کہ ’سفری کارروائی آج بدھ، صبح 8 بجے سے معطل کردی گئی ہے۔‘
ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ایئرپورٹ پر آپریشن معمول پر لانے کے لیے مشکل حالات کے باوجود پوری کوشش کی جارہی ہے۔‘
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’سخت موسمی حالات کے باعث بعض پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ بعض پروازوں کو دوسرے ایئرپورٹس پر منتقل کردیا گیا ہے۔‘
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ٹرانزٹ مسافروں کی ایمیگریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔‘
متحدہ عرب امارات میں منگل کو ریکارڈ بارش ہوئی۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کی رپورٹ کے مطابق العین میں 24 گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں 254 ملی میٹر بارش ہوئی۔ یہ 1949 میں ریکارڈ شروع ہونے کے بعد سے بلند ترین سطح ہے۔
بدھ کی صبح حکام موسلا دھار بارش کے بعد ملبہ ہٹانے میں مصروف تھے۔
راس الخیمہ میں پولیس نے بتایا کہ ایک 70 سالہ شخص اس وقت ہلاک ہوا جب اس کی گاڑی سیلابی پانی میں بہہ گئی۔

شیئر: