Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں شدید بارشوں کے بعد ایمریٹس اور فلائی دبئی کی پروازیں شروع

محققین نے منگل کے طوفان کو موسمیاتی تبدیلی سے جوڑ دیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
دبئی کے فلیگ شپ کیریئر ایمریٹس اور فلائی دبئی نے متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے بعد معمول کی کارروائیاں بحال کردی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایئر لائن کے صدر ٹم کلارک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو ریکارڈ بارشوں کے نتیجے میں ایمریٹس نے تقریباً 400 پروازیں منسوخ کیں اور کئی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
طوفان کے باعث ایئر لائن نے دبئی سے روانہ ہونے والے مسافروں کے لیے چیک اِن معطل کر دیا اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے اپنا ٹرانزٹ آپریشن روک دیاجس سے ہزاروں مسافر پھنس گئے۔
طوفان کی وجہ سے ٹیکسی ویز پر پانی آنے کے بعد ہوائی اڈے کو معمول کے کاموں میں واپس آنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ فلائی دبئی بھی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 2 اور ٹرمینل 3 سے اپنے مکمل فلائٹ شیڈول پر واپس آ گئی ہے۔
کلارک نے کہا کہ ایمریٹس نے متاثر ہونے والے صارفین کو 12 ہزار ہوٹل کے کمرے اور ڈھائی لاکھ کھانے کے واؤچر فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوبارہ کرائی گئی بکنگ کا بیک لاگ ختم کرنے میں کئی دن لگیں گے۔
متحدہ عرب امارات کو کئی دنوں سے سیلاب کے اثرات کا سامنا ہے، شہر اور ابوظہبی کے درمیان سڑکیں سنیچر تک جزوی طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ ابوظہبی میں کچھ سپر مارکیٹوں اور ریسٹورینٹس کو مصنوعات کی قلت کا سامنا کرنا پڑا جو دبئی سے ڈیلیوری حاصل کرنے سے قاصر تھے۔
محققین نے منگل کے طوفان کو موسمیاتی تبدیلی سے جوڑ دیا ہے اور یہ اندازہ لگایا ہے کہ گلوبل وارمنگ نمی میں اضافے اور خلیجی خطے کے کچھ حصوں میں سیلاب کے خطرے کا باعث بنے گی۔
متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں شدید بارشوں سے نمٹنے کے لیے نکاسی آب کے بنیادی ڈھانچے کی کمی انہیں سیلاب کے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔

شیئر: