دبئی میں ریستوران کے خلاف ایک لاکھ درہم ہرجانے کا دعوی مسترد
کھانے میں کیڑے نکلنے پر دو ایشیائی باشندوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی سول کورٹ نے مقامی ریستوران کے خلاف ایک لاکھ درھم ہرجانے کا دعوی خارج کردیا۔
دو ایشیائی باشندوں نےدعوی کیا تھا کہ ’کھانے میں کیڑے دیکھ کرانہیں سخت ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی طبیعت نہ صرف خراب رہی بلکہ وہ دن بھر کچھ کھا بھی نہیں سکے‘۔
امارات الیوم کے مطابق عدالت نے دعوی یہ کہتے ہوئے خارج کردیا کہ اس کا ثبوت پیش کرنے سے قاصر رہے جبکہ متعلقہ ادارے کی رپورٹ میں بھی ایسی کسی بات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
اخبار کا کہنا ہے دونوں افراد نے بتایا انہوں نے ریسٹورانٹ میں کھانا طلب کیا مگر اس میں کیڑے کی موجودگی کا انکشاف ہوتے ہی ہوٹل کی انتظامیہ کو مطلع کیا۔مثبت رد عمل نہ ملنے پر انہوں نے بلدیہ کو مطلع کیا۔
دعوی میں کہا گیا تھا کہ انہیں جو ذہنی کوفت پہنچی عدالت ہوٹل انتظامیہ سے ہرجانہ ادا کرائے۔
ہوٹل انتظامیہ کا کہنا تھا دعوی غلط ہے کیونکہ بلدیہ کے ذمہ دار نے آکر معائنہ کیا اور کوئی غیرمعمولی چیز کھانے سے برآمد نہ ہونے پرخلاف ورزی درج نہیں کی گئی۔
عدالت میں اپنے دعوی کے ٹھوس ثبوت پیش نہ کرنے پر مقدمہ خارج کردیا۔عدالت نے انہیں وکیل کی فیس ادا کرنے کا بھی پابند کیا۔