Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وٹامن ’کے‘ سے بھرپور یہ چیزیں کھائیں اور صحت بنائیں

ہری پیاز میں بھی وٹامن کے ون سمیت وٹامن سی اور وٹامن اے بڑی مقدار میں پائی جاتی ہے (فوٹو: فری پِک)
ایک ایسا وٹامن بھی ہے جو خون جمانے، ہڈیوں اور دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وٹامن کے کی دو اقسام ہیں جیسا کے وٹامن کے ون (فائیلوکیونون) اور وٹامن ٹو (میناکیونن)۔
این ڈی ٹی وی میں شائع مضمون کے مطابق وٹامن کے ون ہرے پتوں والی سبزیوں میں پایا جاتا ہے اور یہ خون جمانے کا کام کرتا ہے جبکہ وٹامن ٹو گوشت اور ڈیری فوڈ وغیرہ میں پایا جاتا ہے اور یہ ہڈیوں کے میٹابولزم اور دل کی صحت کے لیے اہم ہے۔
آئیے جانتے ہیں وٹامن کے سے بھرپور کھانے کی چیزیں کون سی ہیں۔
 بند گوبھی
بند گوبھی وٹامن کے ون کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اس میں وٹامن سی، کیلشیئم اور اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں جو ہڈیوں کی صحت اور قوت مدافعت کے لیے اہم ہیں۔
پالک
پالک کا شمار ہرے پتوں والی ایسی سبزیوں میں ہوتا ہے جن میں وٹامن کے ون بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ پالک میں آئرن، کیلشیئم اور میگنیشیئم بھی پائی جاتی ہے جس سے صحت مجموعی طور پر بہتر رہتی ہے۔
سبز گوبھی
سبز گوبھی ایسی سبزی ہے جس میں وٹامن کے ون سمیت فائبر، وٹامن سی، وٹامن اے اور اینٹی آکسیڈنٹس بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ گوبھی کھانے سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے، ہاضمہ اچھا ہوتا ہے اور قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے۔
سوئس چارڈ
سوئس چارڈ ہرے پتوں کی سبزی ہے جس میں وٹامن کے ون سمیت وٹامن اے، وٹامن سی، میگنیشیئم اور پوٹاشیئم بڑی مقدار میں پائی جاتی ہے۔ سوئس چارڈ سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے، بلڈ شوگر لیول باقاعدہ ہوتے ہیں اور پیچیدہ بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
برسلز سپراؤٹس
برسلز سپراؤٹس گوبھی جیسی ایک چھوٹی سبزی ہے جس میں وٹامن کے ون، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ برسلز سپراؤئٹس کھانے سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہے، ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور جسم سے فاضل مادے خارج ہوتے ہیں۔
ہری پیاز
ہری پیاز میں بھی وٹامن کے ون سمیت وٹامن سی اور وٹامن اے بڑی مقدار میں پائی جاتی ہے۔ ہری پیاز کو بطور سلاد بھی کھایا جاتا ہے اور کئی ڈشز کا بھی حصہ بنایا جاتا ہے۔
پارسلے
پارسلے ایک ایسی جڑی بوٹی ہے جس میں وٹامن کے ون، وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس سے جسم سے زہریلے مادے خارج ہوتے ہیں، ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور قوت مدافعت بڑھتی ہے۔
کولرڈ گرینز
کولرڈ گرینز سبز پتوں والی ایسی سبزی ہے جس میں وٹامن کے ون، کیلشیئم اور فائبر کثرت سے پائی جاتی ہے۔ اس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، ہاضمہ ٹھیک رہتا ہے اور ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔
ناٹو
ناٹو روایتی جاپانی کھانا ہے جسے سویابین سے بنایا جاتا ہے اور یہ وٹامن کے ٹو کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اس میں پروبائیوٹکس کثرت سے پائی جاتی ہے جس سے معدے کی صحت بہتر رہتی ہے۔ ناٹو کو سوپ یا چاولوں کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔
ہارڈ چیز
ہارڈ چیز خاص طور پر اپنی میناکیونن فور قسم میں وٹامن کے ٹو کا ایک بہترین ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ اس میں کیلشیئم اور پروٹین پائی جاتی ہے جس سے ہڈیاں اور پٹھے مضبوط رہتے ہیں۔

شیئر: