Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جسم میں وٹامن سی کی کمی، وجوہات اور علامات کیا ہیں؟

جسم میں فولاد کو جذب کرنے کے لیے وٹامن سی بےحد ضروری ہوتا ہے۔ (فوٹو: فری پک)
طبی ماہرین کے مطابق انسانی جسم کی نشو و نما کے لیے وٹامن سی بے حد اہم ہے۔ یہ وٹامن انسانی جسم کے بنیادی افعال کی ادائیگی کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو جسم کی تھکاوٹ اور کمزوری کو دور کرنے کے علاوہ اینٹی الرجی کا بھی کام کرتا ہے۔
موسم سرما میں خاص طور پر وٹامن سی جسم کی قوت مدافعت میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ہڈیوں اور پٹھوں کے ساتھ جلد کے لیے بھی کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
جسم میں فولاد کو جذب کرنے کے لیے وٹامن سی بےحد ضروری ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے جسم آئرن کے اہم اجزا کو بدن کا جزو بنانے کے عمل کو تیز کرنے کے قابل ہوتا ہے۔
اگر ہم اپنی روزمرہ کی خوراک میں ضروری پھل اور سبزیاں (لیمن، کیوی، امرود، موسمی، نارنجی، سرخ مرچ یا بند گوبھی وغیرہ) کا استعمال نہیں کرتے، جن میں وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے تو اس صورت میں ہمارے جسم میں وٹامن سی کی کمی واقع ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
جسم میں وٹامن سی کی مقدار کے کم ہونے کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے نو ایسی نشانیوں کا ذکر کیا گیا ہے جن کا ظاہر ہونا اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ جسم کو اب وٹامن سی کی اشد ضرورت ہے۔ ذیل میں ان نشانیوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے جو وٹامن سی کی کمی سے ظاہر ہوتی ہیں۔

1: تھکاوٹ

اگرآپ کافی عرصے سے بغیر کچھ خاص جسمانی مشقت کیے تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں تو یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ آپ کے جسم میں وٹامن سی کی کمی ہو رہی ہے۔ وٹامن سی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس کے تحت خون کے سفید خلیوں کی پیدوار میں اضافہ کرتا ہے۔

خوراک میں ضروری پھل اور سبزیاں  کا استعمال نہیں کرتے تو اس صورت میں ہمارے جسم میں وٹامن سی کی کمی واقع ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ (فوٹو: فری پک)

2: نظام تنفس کے انفیکشن سے بچاؤ

موسم سرما میں جب آپ فلو کا شکار ہو جاتے ہیں تو ایسے میں وٹامن سی جسم کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

3: بار بار چوٹ کا احساس ہونا

جب بلا کسی وجہ کے جسم پر چوٹ کے نشانات بار بار ابھریں تو سمجھ جائیں کہ آپ کے جسم میں اس اہم وٹامن کی کافی کمی واقع ہو گئی ہے۔

4: صحت یابی میں دشواری

وٹامن سی اپنی اینٹی آکسیڈینٹ صلاحیت کی وجہ سے خلیوں کی تجدید کے عمل کو تیز کرتا ہے جو ٹشوز کو پہنچنے والے نقصان یا کسی بھی سرجری کے بعد زخم کے ٹھیک ہونے کے عمل کے لیے ضروری ہے۔ اگر آپ کے زخم ٹھیک ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے تو ممکن ہے کہ وٹامن سی کا لیول جسم میں کم ہو گیا ہو۔

وٹامن سی کی کمی کی وجہ سے جلد پر خشکی بھی ہو سکتی ہے۔ (فوٹو: فری پک)

5: جلد کا خشک ہونا

اگرآپ محسوس کریں کہ آپ کی جلد خشک ہو رہی ہے اور اس پر لکیریں ابھر رہی ہوں تو یہ بھی وٹامن سی کی کمی کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔

6: مسوڑھوں سے خون کا بہنا

اگر آپ کے جسم میں وٹامن سی کی کمی ہو گئی ہے تو اس صورت میں آپ کے مسوڑھے بھی کمزور ہوجاتے ہیں۔ دراصل ایسکوربک ایسڈ کی کمی کی وجہ سے مسوڑھوں میں ہلکی سے جلن بھی محسوس ہوتی ہے۔ اس صورت میں اپنے ڈاکٹر سے اس علامات کا ذکر ضرور کریں۔

7: وزن میں اضافہ خاص کر پیٹ کا بڑھنا

وٹامن سی خون میں شوگر کے لیول کو برقرار رکھتا ہے جبکہ یہ چکنائی کو ختم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وٹامن سی کی کمی کا شکار ہونے والوں میں چکنائی جمع ہونا شروع ہو جاتی ہے خاص طور پر پیٹ کے اطراف میں۔

فلو میں وٹامن سی جسم کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ (فوٹو: فری پک)

8: چڑچڑا پن

وٹامن سی کی کمی سے تھکان اور بیزاری کے ساتھ ساتھ انسانی رویے میں چڑچڑے پن کا بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

9: جلد پر جھریاں

یہ اہم اور سادہ سا وٹامن انسان کو جلد بڑھاپے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ اس کی کمی سے جلد بھی متاثر ہونے لگتی ہے اورجھریاں پڑنا شروع ہو جاتی ہیں۔

شیئر: