Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن کا پولنگ ایجنٹس سے خالی فارم۔45 پر دستخط کروانے کا نوٹس

پاکستان میں عام انتخابات آٹھ فروری کو ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ضمنی انتخابات: بلوچستان اور پنجاب میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ
اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ سیاستدانوں کو آپس میں لڑایا: مولانا فضل الرحمان
عام انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن، سیاسی جماعتیں اِتنی خاموش کیوں؟

الیکشن کمیشن کا پریذائیڈنگ آفیسر کی جانب سے پولنگ ایجنٹس سے خالی فارم۔45 پر دستخط کروانے کا نوٹس

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149 لاہور میں پریذائیڈنگ آفیسر کی جانب سے پولنگ ایجنٹس سے خالی فارم۔45 پر دستخط کروائے جانے کے معاملہ کا سخت نوٹس لیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق  کمیشن نے اس معاملے پر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ اس معاملہ پر کمیشن مزید قانونی کاروائی عمل میں لا سکے۔
قومی و صوبائی اسمبلی کی 21 نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم
پاکستان میں آج قومی و صوبائی اسمبلی کی 21 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
پولنگ آج صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو پانچ بجے تک جاری رہی۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی کل 23 نشستوں پر انتخابات ہونا تھے تاہم دو نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب کے بعد 21 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔
صوبہ  پنجاب میں 14 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے۔ ان میں دو قومی اور 12 صوبائی اسمبلی کی نشستیں ہیں۔
 سندھ سے حلقہ این اے 196 کی نشست پر الیکشن ہوا، بلوچستان میں پی بی 20 اور 22، خیبر پختونخوا میں این اے 8 اور 44 جبکہ پی کے 22 اور 91 میں ضمنی انتخابات ہوئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نارووال میں ضمنی انتخابات کے دوران جھڑپ، لیگی کارکن ہلاک

صوبہ پنجاب کے ضلع نارروال کے حلقہ پی پی 54 میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھڑپ ہوئی۔
ضمنی الیکشن میں جھڑپ کے دوران مسلم لیگ ن کے ایک کارکن کی موت ہوئی۔
مسلم لیگ ن کے اراکین نے مخالفین پر الزام عائد کیا کہ 60 برس کے محمد یوسف کے سر پر ڈنڈا مارا گیا۔
ہسپتال پہنچنے سے قبل محمد یوسف جان کی بازی ہار گئے۔
وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہمارے نہتے کارکن کو قتل کیا ہے۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ن لیگ ن کے تمام امیدوار واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گے، مریم نواز

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے انتخابات کے موقع پر لیگی ووٹرز کے نام جاری پیغام میں کہا کہ پارٹی کے تمام امیدوار واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ووٹر باہر نکل رہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے وہ خود اور ان کی ٹیم ہمہ وقت کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد پنجاب میں لیب ٹاپ اور آئی پیڈ سکیم بھی متعارف کروانے جا رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پی ٹی آئی کے رہنما شبیر گجر لاہور سے گرفتار
 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبیر گجر کو لاہور میں پولیس نے گرفتار کیا۔
شبیر گجر کو ویلنشیا ٹاؤن کے پولنگ سٹیشن سے گرفتار کیا گیا اور ہلوکی پولیس سٹیشن میں منتقل کیا گیا۔ 
شبیر گجر کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پی پی 164 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار یوسف میو کے ساتھ پولنگ سٹیشن گئے تھے۔
لاہور سے پی ٹی آئی کے رہنما نو مئی کے واقعات کے بعد سے روپوش تھے، منظرعام پر آنے کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نارروال میں پولنگ سٹیشن کے قریب پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان میں تصادم
صوبہ پنجاب میں پولنگ سٹیشن کوٹ ناجو سے 200 میٹر کے فاصلے پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
ترجمان کے مطابق نارووال ظفروال پولنگ سٹیشن نمبر 33 کوٹ ناجو پر پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور کے حلقہ این اے 119میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان کا جھگڑا
ووٹنگ کے دوران لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 119میں ن لیگ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کے درمیان جھگڑا ہوا۔
پولنگ سٹیشن نمبر 171 لاہور کالج میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے۔
پولیس اہلکاروں نے کارکنان کا جھگڑا ختم کروایا اور انہیں اپنے اپنے کیمپس میں لے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر195پکٹس قائم، سکیورٹی ہائی الرٹ

سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر195پکٹس قائم کی گئی ہیں اور سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر اسلحے کی نمائش اور فائرنگ کے واقعات پر زیرو برداشت کی پالیسی اپنائی ہے۔
سی سی پی اور لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے اینٹی رائٹ فورس اور ریزرو فورس کے جوان الرٹ ہیں اور کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دوران شہر بھر میں ایلیٹ، ڈولفن اور پی آر یو کی ٹیمیں پٹرولنگ کر رہی ہیں۔
بلوچستان اور پنجاب میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ
ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں دو روز (اتوار اور پیر) کو موبائل سروس معطل رہی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے سنیچر کو اعلان کیا گیا کہ ’ضمنی الیکشن کے دوران چند اضلاع میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی۔‘
پی ٹی اے کے مطابق ’یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلاتعطل، صاف اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر کیا گیا۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محکمہ داخلہ کی 13 اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بھی آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں صوبے کے 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں ضلع لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اسی طرح پنجاب کے محکمہ داخلہ نے ڈیرہ غازی خان، کوٹ چھٹہ، صادق آباد، تلہ گنگ، چکوال، علی پور چٹھہ، کلرکہار، بھکر اور ظفروال کی تحصیلوں میں بھی انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنا غیرقانونی ہے، پی ٹی آئی
اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کے فیصلے کو ’غیر آئینی اور غیر قانونی‘ قرار دیا ہے۔
پارٹی کے ترجمان نے سنیچر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش غیر آئینی، غیر قانونی اور شرمناک فیصلہ ہے، یہ نتائج میں ردوبدل کرنے کا منصوبہ ہے۔‘

شیئر: