ڈی آئی خان: نامعلوم افراد کی کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ، دو حملوں میں سات ہلاک
اتوار 21 اپریل 2024 12:44
دو مختلف حملوں میں پانچ کسٹم اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فائل فوٹو: ڈی آئی خان پولیس فیس بک
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ کسٹم کے دو افسران کو گولی مار کے قتل کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد عدنان نے بتایا کہ اتوار کو کسٹم حکام چیکنگ کے لیے کھڑے تھے جب نامعلوم افراد نے گولیاں چلا دیں۔
محمد عدنان کے مطابق اس واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تین دن قبل محکمہ کسٹم کے ایک افسر سمیت پانچ اہلکاروں کو اسی علاقے میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
ان دونوں واقعات کی ذمہ داری فی الحال کسی گروپ نے نہیں قبول کی تاہم پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
پاکستان کے افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کی صورتحال حالیہ دنوں میں مزید خراب ہوتی ہوئی دکھائی دی ہے جبکہ سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس پر حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان حملوں میں سے چند کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان قبول کر چکی ہے۔
پاکستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ حملوں کے لیے عسکریت پسند افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہیں جبکہ طالبان کی حکومت ان الزامات کی تردید کرتی آئی ہے۔
گزشتہ ماہ بھی پاکستان نے افغانستان کے علاقے پر فضائی حملے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔