سعودی اور خلیجی شہریوں کے لیے پانچ سال کا شنگین ویزا
شنگین ایریا جس میں 29 یورہی یونین کے ممالک شامل ہیں (فائل فوٹو: عرب نیوز)
یورپی یونین نے پیر کو سعودی عرب، عمان، اور بحرین کے شہریوں کے لیے ویزا قوانین میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یورپی کمیشن نے تین خلیجی ملکوں کے لیے ملٹی انٹری ویزے کے قواعد کو اپ ڈیٹ کرنے کےلیے اقدامات کی منظوری دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نئے قوانین کے تحت بحرین، عمان اور سعودی عرب کے شہری ملٹی انٹری ویزے کےاہل ہوں گے جس سے وہ ایک ہی ویزے کے ساتھ پانچ سال کی مدت میں متعدد مرتبہ یورپی یونین کا دورہ کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں یورپی یونین کے خارجہ اموراورسکیورٹی پالیسی کے اعلی نمائندے جوزف بوریل نے تصدیق کی کہ یورپی کمیشن نے خلیجی ممالک کے شہریوں کو ملٹی پل ویزا دینے کی منظوری دی ہے۔
اس اپ ڈیٹ کا مقصد ان تمام جی سی سی ممالک کے لیے ویزا رولز کو معیاری بنانا ہے جن کے شہریوں کو شنگین ایریا تک رسائی کے لیے ویزا درکار ہوتا ہے۔
پانچ سالہ ویزا قانون کا نفاذ یورپی یونین اور جی سی سی کے درمیان عوام کی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
ماہرین اسے شنگین سے استثنی کی طرف ابتدائی قدم کے طور پربھی دیکھتے ہیں۔
شنگین ایریا جس میں 29 یورہی یونین کے ممالک شامل ہیں اور یہ عالمی سطح پر سب سے بڑا فری ٹریول زون ہے۔ گزشتہ فروری میں توسیع کرتے ہوئے بلغاریہ اور رومانیہ کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔