ریاض.....سعودی و زیر خارجہ عادل الجبیر اور انکے ہمراہ وفد نے منگل کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کی۔ دونوں نے سعودی عرب اورامریکہ کے دوستانہ تعلقات پر مذاکرات کئے۔ انتہا پسندی و دہشتگردی کے انسداد کیلئے جاری مشترکہ مساعی پر بات چیت کی۔ خطے اور دنیا بھر کے حالات حاضرہ بھی اس موقع پر زیر بحث آئے۔ الجبیر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ قطر کی ناکہ بندی نہیں کی گئی۔ قطر کی بندرگاہیں اور اسکے ہوائی اڈے کھلے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے قطرایئرلائنز کے طیاروں کو اپنی فضائی حدود اور قطر کے جہازوں کو اپنے علاقائی سمندر میں داخل ہونے سے روکا ہے۔ یہ سعودی عرب کا ریاستی اختیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرقطر ضرورت محسوس کرے تو سعودی عرب اسکی غذائی اور طبی امداد کیلئے تیار ہے۔ اس موقع پر امریکہ میں سعودی ناظم الامور سامی السدح بھی موجود تھے۔