Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں موسم گرما کے دوران ہر ہفتے 602 غیرملکی پروازیں پاکستان آئیں گی 

پاکستان میں پی آئی اے سمیت پانچ مقامی ایئرلائنز بھی اپنا فلائٹ آپریشن چلا رہی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں اس وقت مجموعی طور پر 40 ایئرلائنز اپنا فلائٹ آپریشن چلا رہی ہیں۔ان 40 ایئرلائنز میں سے 35 غیرملکی جبکہ پانچ مقامی ایئرلائنز شامل ہیں۔
قومی اسمبلی میں وزارت ایوی ایشن کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق ’2024 کے موسم گرما کے دوران ایک ہفتے میں غیرملکی ایئرلائنز کی مجموعی طور پر 602 فلائٹس پاکستان آئیں گی۔‘
پاکستان میں کون کون سی غیرملکی ایئرلائنز کام کر رہی ہیں؟
پاکستان میں مجموعی طور پر 35 غیرملکی ایئرلائنز کام کر رہی ہیں۔ان میں برٹش ایئرویز، قطر ایئرویز اور ایئر چائنہ شامل ہیں۔
ان کے علاوہ اتحاد ایئرلائنز، ایمریٹس اور ٹرکش ایئرلائنز بھی پاکستان میں اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزارت ایوی ایشن کے مطابق غیرملکی ایئرلائنز میں ایرو نوماد ایئرلائنز، ایئر عربیہ اور ایئر عربیہ (ابو ظبی) شامل ہیں۔آریانا افغان ایئرلائن،آذربائیجان ایئرلائن، شام ونگز ایئرلائنز کی پروازیں بھی پاکستانی ایئرپورٹس پر اُتریں گی۔
پاکستان آنے والی غیرملکی ایئرلائنز میں چائنہ سدرن ایئرلائنز، ایتھوپیئن ایئرلائن اور فلائی بغداد کی فلائٹس بھی شامل ہیں جبکہ فلائی ناس،گلف ایئر اور ایران ایئر بھی پاکستان کا سفر کریں گی۔
پاکستان کی وزارت ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ’عراقی ایئرویز، جزیرہ ایئرویز اور کام ایئر بھی پاکستان آنے والی غیر ملکی ایئرلائنز میں شامل ہوں گی۔مزید برآں کویت ایئرویز، ماہان ایئر اور مالِنڈو ایئر بھی پاکستان کے لیے اپنی فلائٹس چلائیں گی۔‘
عمان ایئر، پیگاسس ایئرلائنز، سلام ایئر اور سعودی عریبین ایئرلائنز بھی پاکستان کے لیے اپنی پروازیں چلائیں گی۔اس کے علاوہ سکیٹ ایئرلائن، سری لنکن ایئرلائنز اور تابان ایئرلائنز، ازبکستان ایئرویز اور تھائی ایئرویز بھی پاکستان آنے والی غیر ملکی ایئرلائنز میں شامل ہوں گی۔
موسم گرما کے دوران ہفتہ وار 602 غیرملکی پروازیں پاکستان آئیں گی: وزارت ایوی ایشن

عمان ایئر، پیگاسس ایئرلائنز، سلام ایئر اور سعودی عریبین ایئرلائنز بھی پاکستان کے لیے اپنی پروازیں چلائیں گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

رواں سال موسم گرما کے دوران 35 غیرملکی ایئرلائنز کی ہفتہ وار بنیادوں پر 602 پروازیں پاکستان پہنچیں گی۔ان میں سب سے زیادہ فلائی دبئی کی 78 فلائٹس ایک ہفتے میں پاکستان کا رُخ کریں گی۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر سعودی عریبین ایئرلائنز اور ایمریٹس ایئرلائن کا نام آتا ہے جن کی شیڈول کے مطابق 67, 67 پروازیں ایک ہفتے کے دوران پاکستان آئیں گی۔
ایئر عربیہ اور قطر ایئرویز کی پاکستان کے لیے 60، 60 فلائٹس شیڈول
رواں سال موسم گرما کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر اتحاد ایئرویز کی 39 پروازیں پاکستان کا پہنچیں گی جبکہ گلف ایئر اپنی 37 پروازیں پاکستان بھیجے گی۔
فلائی ناس 23 جبکہ ٹرکش ایئرلائنز کی 21 پروازیں پاکستان کے لیے شیڈول کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران تھائی ایئرویز کی 18 جبکہ سلام ایئر کی 15 پروازیں پاکستان کے لیے شیڈول کی گئی ہیں۔
ہفتہ وار بنیادوں پر چائنہ سدرن ایئرلائنز اور مالِنڈو ایئر اپنی 10، 10 پروازیں پاکستان بھیجیں گی۔سری لنکن ایئرلائنز 9 جبکہ کویت ایئرویز کی 8 پروازیں پاکستان کا آئیں گی۔

موسم گرما میں سب سے زیادہ فلائی دبئی کی 78 فلائٹس ایک ہفتے کے دوران پاکستان کا رُخ کریں گی (فائل فوٹو: عرب نیوز)

شیڈول کے مطابق کام ایئر، عمان ایئر اور ایئر چائنہ بھی 7، 7 پروازیں پاکستان بھیجیں گی۔سمر 2024 کے دوران ایک ہفتے میں آذربائیجان ایئرلائن، عراقی ایئرویز اور جزیرہ ایئرویز کی 6، 6 فلائٹس پاکستان آئیں گی۔
وزارت ایوی ایشن کی دستاویزات کے مطابق ایئر عربیہ (ابو ظبی) ایرو نوماد اور پیگاسس ایئرلائنز کی چار چار فلائٹس پاکستان آنا شیڈول ہیں۔
رواں موسم گرما کے دوران برٹش ایئرویز تین جبکہ ازبکستان ایئرویز اپنی دو پروازیں پاکستان بھیجیے گی۔
تابان ایئرویز، ماہان ایئر، ایتھوپیئن ایئرلائن اور آریانا افغان ایئرلائن کی بھی دو دو پروازیں پاکستان آئیں گی۔ اسی عرصے کے دوران ایک ہفتے میں شام ونگز ایئرلائن اور ایران ایئرلائن کی ایک ایک پرواز پاکستان آئے گی۔
پاکستان میں 5 مقامی ایئرلائنز بھی کام کر رہی ہیں: وزارت ایوی ایشن
اس وقت پاکستان میں 35 غیر ملکی ایئرلائنز کے ساتھ ساتھ پانچ مقامی ایئرلائنز بھی اپنا فلائٹ آپریشن چلا رہی ہیں۔ان پانچ ایئرلائنز میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)، فلائی جناح، ایئر بلیو، سیرین ایئر اور ایئر سیال شامل ہیں۔

شیئر: