Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکنامک فورم اجلاس، ’سعودی ہاؤس‘ میں مملکت کے وژن کی عکاسی

سعودی ہاؤس کا انتظام وزارت اقتصادیات اور آرامکو کے تعاون سے کیا جائے گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں ’سعودی ہاؤس‘ کے عنوان سے مملکت کے وژن کے تحت ہونے والی ترقی کے حوالے سے مختلف پروگراموں کا تعارف کرایا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ہاؤس کا انتظام وزارت اقتصادیات و منصوبہ بندی اور آرامکو کے تعاون سے کیا جائے گا۔
سعودی ہاؤس مہم اس سے قبل رواں برس سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیووس کلوسٹرس میں فورم کے 54ویں سالانہ اجلاس میں پہلی بار متعارف کرائی گئی تھی۔
 مہم میں مملکت میں ہونے والی ترقی اور سماجی و اقتصادی تبدیلیوں کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔
سعودی ہاؤس کے عنوان سے مہم میں سعودی آرامکو کا خصوصی پویلین شامل ہے جس میں توانائی کے شعبے میں ترقی کو اجاگر کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی گرین انیشی ایٹیو کے حوالے سے بھی خصوصی معلومات فراہم کرنے کے لیے سٹال موجود ہوں گے جس کا مقصد مملکت میں ماحولیاتی آلودگی سے صاف ہوا اور قدرتی مناظر کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
سعودی ہاؤس کے تحت محمد بن سلمان فاؤنڈیشن ’مسک‘ کا سٹال بھی لگایا جائے گا جہاں نوجوانوں کے حوالے سے سماجی اور دیگر سرگرمیوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔
نمائش سینٹر میں نیوم پلیٹ فارم سے لگائے جانے والے سٹال پر دا لائن منصوبے اور مستقبل کے شہروں کے حوالے سے اہم معلومات پیش کی جائیں گی۔

شیئر: