’ورلڈ اکنامک فورم کا خصوصی اجلاس مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے اہم‘
پریس کانفرنس میں ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورگ برینڈے بھی موجود تھے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی فیصل بن فاضل الابراہیم نے کہا ہے کہ ’ورلڈ اکنامک فورم کا خصوصی اجلاس مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے اہم ثابت ہو گا۔‘
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض میں 28 اور 29 اپریل کو ورلڈ اکنامک فورم کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’فورم کے انعقاد سے عالمی سطح پر معاشی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔‘
مشترکہ پریس کانفرنس میں ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورگ برینڈے بھی موجود تھے۔
ریاض میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کا عنوان ’بین الاقوامی تعاون اورترقی کے لیے توانائی کی اہمیت‘ ہے۔
اس حوالے سے فورم میں ایک ہزار سے زائد متعدد ممالک کے سربراہان اوراور اعلٰی حکام و اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔
فورم میں 92 ممالک کے سرکاری و نجی شعبے اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اہم رہنما و مفکرین بھی مدعو ہیں جو فورم میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
وزیر برائے اقتصادیات و منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ ’اس وقت دنیا کو بہت سے چیلجنوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے عالمی منظرنامہ غیرمستحکم ہے۔ جدید ٹیکنالوجیز نے دنیا کے حالات کو یکسر تبدیل کردیا ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات بھی انسانیت کے مستقبل کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وقت کی ضرورت ہے کہ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تربیت دیا جائے۔‘
علاوہ ازیں اقتصادی حالات کو بہتر بنانے کے لیے مل کر بہتر انداز میں کام کیا جائے۔
وزیر اقتصادیات کا کہنا تھا کہ ’آٹھ برس قبل سعودی وژن 2030 کا آغاز ہوا جس نے ترقی اور تبدیلی کی بنیاد عطا کی اور جدید ماڈل کی جانب گامزن ہو گئے۔‘
عرب نیوز کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے صدر بورگ برینڈے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سیاسی و جغرافیائی تناؤ اور سماجی و معاشی تفاوت کے باعث عالمی سطح پر گہری ہوتی تقسیم کے تناظر میں بین الاقوامی تعاون اور بامقصد بات چیت جس قدر ضروری ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔‘
برگ برینڈے کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقد ہونے والا خصوصی اجلاس رہنماؤں کو ایک موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ ’خیالات کو عمل میں ڈھالیں اور درپیش چیلنجوں کے لیے قابل عمل حل تلاش کریں۔‘
واضح رہے 28 اپریل 2024 کو سعودی درالحکومت میں منعقد ہونے والا ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کا مقصد عالمی مذاکرات کی حمایت اور پیچیدہ اقتصادی بحرانوں اور دنیا کو مختلف حوالوں سے درپیش چیلنجوں سے نکالنے کے لیے اور ان کا مثبت اور ٹھوس حل کو سامنے لانا ہے۔