Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے مختلف علاقوں میں گردو غبار کا طوفان اور سرخ آندھی

ہائی وے پر سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں پیر کو صبح سے گردوغبار کا طوفان چھایا رہا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سبق اور اخبار 24  کے مطابق پیر کو بدر الجنوب، ثار، حبونا، خباش اور یدمہ میں  دوپہر بارہ بجے سے گردو غبار کا طوفان شروع ہوا جو رات تک جاری رہا۔
 گرد آلود تیز ہواؤں کی وجہ سے اطراف کا منظر نظروں سے اوجھل رہا۔ ہسپتالوں میں سانس اور اسی طرح کی دیگر بماریوں کے کیسز بڑھنے لگے۔
موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق پیر کی دوپہر دو بجے سے شرورۃ میں سرخ آندھی کے باعث حد نگاہ متاثر ہوئی۔ خاص طور پر ہائی وے پر سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
 دارالحکومت ریاض، الافلاج، السلیل، وادی الدواسر میں دوپہر ڈیڑھ بجے سے گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں جبکہ مدینہ منورہ اور العلا میں دوپہر بارہ بجے سے موسم غبار آلود رہا۔
 ریاض ریجن کی کمشنری الافلاج بھی پیر کو دن بھر گردو غبار طوفان کی زد میں رہی۔ الافلاج کے رہائشیوں کا کہنا تھا گردو غبار کا طوفان سرخ آندھی کی شکل اختیار کر گیا اور دن میں رات کا سماں ہوگیا تھا۔
موسمیاتی کے قومی مرکز کا کہنا  ہے خراب موسمی صورتحال کے باعث لوگ احتیاط برتیں۔ گھروں سے ضرورت کے تحت باہر نکلیں اور ماسک کا اہتمام کریں۔
 روڈ سیکیورٹی فورس ہائی ویز پر متاثرہ افراد کی مدد کررہی ہے۔ ڈرائیوروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرد آلود موسم میں گاڑی چلاتے ہوئے ہیڈ لائٹس آن رکھیں اور احتیاطی تقاضے پورے کریں۔

 

 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: