مملکت کے کن علاقوں میں گردوغبار اور بارش کا امکان
جازان ریجن کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے(فوٹو، ایس پی اے)
قومی مرکز برائے موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز موسم غیر معمولی رہنے کا امکان ہے۔
جاری رپورٹ میں اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ مکہ ریجن کے علاقے جدہ ، رنیہ ، تربہ ، الکامل ، خلیص اوررابغ میں تیز ہوا کے ساتھ گرد وغبار چھایا رہے گا جس کا سلسلہ شام 6 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بعض میدانی اور ریتلے علاقے گردو غبار سے سخت متاثر ہوں گے جس کی وجہ سے حد نگاہ بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
تبوک ریجن کے علاقے الوجہ اور املج میں بھی گرد وغبار کا سلسلہ شام تک جاری رہے گا۔ مدینہ منورہ کے علاقے خیبر ، وادی الفرع ، الحناکیہ ، المھد ، بدر اورینبع میں بھی گرد وغبار کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
جازان کے علاقے میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی توقع ہے جس کے سلسلہ رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔
مشرقی ریجن میں دمام ، الخبر ، خفجی ، قطیف اور راس تنورہ میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گے جو شام بجے تک جاری رہیں گی۔