سعودی ولی عہد وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات، تعاون کے پہلووں اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، ایوان شاہی کے مشیر محمد بن مزید التویجری، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی موجود تھے۔
پاکستان کی طرف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرپٹرولیم مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیرتوانائی سردار اویس، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور مملکت میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے شرکت کی۔
وزیراعظم ہاوس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں وفد پاکستان بھیجنے اور سر مایہ کاری کے حوالے سے مزید وفود پاکستان بھیجنے کے حوالے سے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
دورہ سعودی عرب کے دوران شاندار میزبانی اور سعودی وزرا کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع پروگرام دینے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔