Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے پرخلوص محبت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتا ہوں: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔‘
سعودی عرب کے دورہ کے اختتام پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’آئندہ چند روز میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزرا کو پاکستان سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کیں، اس کے لیے بھی اُن کا بے حد شکر گزار ہوں۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے وزرا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے قیادت کے درمیان مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے بھرپور تیاری کی۔‘
ان کے مطابق ’سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کے وفد کے دورے سے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لیے پوری محنت سے کام کریں گے۔‘
’پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دو ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلٰی ترین سطح پر ریکارڑ وفود کا تبادلہ ہوا ہے۔‘
شہباز شریف کے مطابق ’سعودی عرب کا تین روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس میں نہایت مفید بات چیت ہوئی۔‘
’عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں ہوئیں، کثیرالجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ورلڈ اکنامک فورم پر واضح الفاظ میں کہا کہ دنیا کو پُرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔‘

شیئر: