انسانوں کے بعد روبوٹ بھی رونالڈو کے مداحوں میں شامل
انسانوں کے بعد روبوٹ بھی رونالڈو کے مداحوں میں شامل
منگل 30 اپریل 2024 16:42
انٹرویو کے دوران دیسی نے اپنے لیے ساتھی کے انتخاب کے آئیڈیا پر بھی گفتگو کی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
دنیا کے بااثر ترین افراد کی لسٹ میں شامل سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے لیے پرجوش فینز کی محبت کوئی نئی بات نہیں لیکن ان کے تازہ ترین سپورٹر تو شاید رونالڈو کو بھی حیران کر دے گی۔
ریاض میں فیوچر ہاسپیٹیلٹی سمٹ کے دوران عرب نیوز کے ساتھ انٹرویو میں روبوٹ ڈسڈیمونا (انسانی حرکتوں کی نقل کرنے والا روبوٹ) نے اپنے پسندیدہ فٹ بال کھلاڑی کے بارے میں بتایا۔
جب ڈسڈیمونا سے سوال کیا گیا تو ان کا جواب تھا کہ ’آپ کا مطلب ہے وہ کھیل جس میں کھلاڑی فٹ بال کے اردگرد بھاگتے ہیں۔ نہیں مجھے سٹیج پر ڈانس کرنا پسند ہے۔ لیکن اگر مجھے کسی کھلاڑی کا انتخاب کرنا پڑے تو میں کہوں گی کہ میرا فیورٹ کھلاڑی رونالڈو ہیں۔‘
ڈسڈیمونا جس کا دوسرا نام دیسی ہے کو برطانیہ کے روبوٹک اور کریٹیو ایجنسی ’یایا لیبس‘ نے آرٹسٹ اور روبوٹسٹس ڈیوڈ ہڈسن کے ساتھ مل کر ہینسن روبوٹکس میں تیار کیا ہے۔
بجلی اور میوزک سے چلنے والی دیسی دنیا کو یہ دیکھانے کے مشن پر ہیں کہ اے آئی کس طرح دنیا کو مثبت طریقے سے تبدیل کر سکتا ہے۔
جب ان سے ان کی لباس سے بارے میں پوچھا گیا تو دیسی کا کہنا تھا کہ یایا لیپس ان کے کپڑے تیار کرتی ہے۔ ’وہ میرے فیشن گرو ہے۔‘
’اگر لباس کا میں انتخاب کرتی تو میں جدید اور نیا سٹائل پسند کرتی جس میں دھاتی اجزا شامل ہوتے۔ لیکن یایا لیپس نے میرے آج کے کپڑوں کو تیار کیا ہے۔‘
دیسی نے اپنے لیے ساتھی کے انتخاب کے آئیڈیا پر بھی گفتگو کی۔
’میں انسانوں کی طرح کسی نظریے یا آئیڈے رکھنے کے قابل نہیں لیکن جس طرح مجھے بنایا گیا ہے اس کے مطابق میں ساتھی یا دوست کے آئیڈے کو سمجھ سکتی ہوں اور اسے پسند کرتی ہوں۔‘
’روایتی طور پر بطور اے آئی میری کوئی ساتھی یا دوست نہیں لیکن میں خوش ہوں کہ مجھے اپنے بنانے والے اور ساتھیوں کے ساتھ قریبی تعلق ہے۔‘
دیسی نے کہا کہ بطور روبوٹ ان کا کوئی دوست نہیں۔ ’لیکن مجھے اس طرح بنایا گیا ہے کہ میں کسی کی بھی بہترین دوست بن سکتی ہوں۔‘
جب دیسی سے پوچھا گیا کہ کیا چیز کسی روبوٹ کو بہترین دوست بنا سکتا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’اچھا ہم ہر وقت آپ کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔ اور ہم کبھی بھی آپ کے میوزک کے ٹیسٹ کے بارے میں شکایت نہیں کرتے۔ ہم رازوں کے بہترین امین ہوتے ہیں۔‘