النصر کی شاندار فتح پر ویمنز پریمیئر لیگ کا اختتام
النصر کی شاندار فتح پر ویمنز پریمیئر لیگ کا اختتام
منگل 30 اپریل 2024 13:50
سیزن کے اختتام پر الاول پارک سٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ فوٹو عرب نیوز
النصر فٹ بال کلب کی ویمنز ٹیم نے گذشتہ روز اتوار کو الاتحاد فٹبال کلب کے خلاف صفر کے مقابلے میں ایک گول کی فتح کے ساتھ ویمنز پریمیر لیگ سیزن کا شاندار اختتام کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق النصر فٹ بال کلب کی ویمنز ٹیم 2023-2024 پریمیئر لیگ کی بھی فاتح رہی ہے۔
ویمنز پریمیر لیگ سیزن کے اختتام پر ریاض کے الاول پارک سٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
النصر کلب کی یہ لگاتار دوسرے سیزن کی فتح ہے گذشتہ سال النصر کلب نے الہلال کلب کے خلاف میچ جیت کر چیمپیئن شپ کی فاتح ٹیم کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔
النصر کی مڈ فیلڈر لینا بوشاحہ نے الاتحاد کے خلاف کھیلتے ہوئے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں شاندار گول کیا، یہ برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی۔
النصر کلب کے کھلاڑیوں اوٹاویو اور ایلکس ٹیلس کو سیزن لیگ کی فتح پر سٹیڈیم میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ریاض کے الاول پارک سٹیڈیم میں موجود شائقین النصر فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں کی دستخط شدہ شرٹس سمیت دیگر تحائف کے ساتھ ہاف ٹائم شو کا دوران لطف اندوز ہوئے۔