وزیراعظم پاکستان کا دورۂ سعودی عرب دہائیوں میں کامیاب ترین: وفاقی وزیر اطلاعات
وزیراعظم پاکستان کا دورۂ سعودی عرب دہائیوں میں کامیاب ترین: وفاقی وزیر اطلاعات
جمعرات 2 مئی 2024 16:55
ایک ماہ کے اندر وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی (فائل فوٹو: پی ایم او)
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی پی) کے مطابق وزیر اطلاعات نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پچھلی کئی دہائیوں میں سعودی عرب کا اتنا کامیاب دورہ نہیں دیکھا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی وزرا اور اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ دو دن تک جاری رہا اور 12 اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوئے۔ اس دوران تمام شخصیات نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔‘
’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سعودی وزرا نے پاکستان کے مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری کا جامع پروگرام مرتب کیا۔ ورلڈ اکنامک فورم پر غزہ کے حوالے سے وزیراعظم کے موقف کو بھرپور پذیرائی ملی۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ’ایک ماہ کے اندر وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم کے پچھلے دورے کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری ہوا۔ عید کے فوری بعد سعودی وزیر خزانہ متعلقہ وزرا کے ساتھ پاکستان آئے اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے خاصی پیش رفت اور بات چیت ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگلے چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا ایک بڑا وفد پاکستان آ رہا ہے۔ سعودی ولی عہد کی ہدایت پر سعودی وزرا نے پاکستان کے اندر توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات سمیت مختلف شعبوں جات سے متعلق جامع پروگرام مرتب کیا ہے۔‘
’یہ پاک سعودی تعلقات میں ایک نیا آغاز ہے۔ ایک ماہ کے قلیل عرصے میں سعودی اعلیٰ سطح کے وفود کا پاکستان آنا مثبت قدم ہے۔ سعودی کاروباری شخصیات کے وفد کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایت پر بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ ’ورلڈ اکنامک فورم میں غزہ کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کے موقف کو بھرپور پذیرائی ملی۔ وزیراعظم نے غزہ میں امن کی بات کی۔‘
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تجارتی، دفاعی اور ثقافتی روابط ہیں۔ سعودی عرب میں 27 لاکھ کے لگ بھگ پاکستانی مختلف شعبوں میں کام کرتے ہیں اور اپنے ملک کے لیے زرمبادلہ کی فراہمی کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔
حالیہ چند ہفتوں سے پاکستان اور سعودی عرب دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں سعودی عرب نے پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا یقین بھی دلایا ہے۔
ماضی میں بھی سعودی عرب پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کے معاملے میں اور اس کی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔