Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد دل سے پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں: شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی وزرا کی ٹیموں سے تسلّی بخش ملاقاتیں ہوئیں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’چند دنوں میں سعودی عرب کے کاروباری افراد کا وفد پاکستان آئے گا جس سے تجارت بڑھے گی۔‘
بدھ کو لاہور میں اپنی ذاتی رہائشگاہ میں عالمی یوم مزدور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’میں دو دن سعودی عرب رہا اور سعودی وزرا سے تسلّی بخش ملاقاتیں ہوئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دل سے چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور پاکستان میں خوشحالی آئے۔ چند دنوں میں سعودی کاروباری افراد پاکستان آئیں گے جس سے تجارت بڑھے گی۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان کے معاشی حالات بہت چیلنجنگ اور مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہم سب مل کر ان حالات کو بہتر کرنے کی اجتماعی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو اور معیشت مضبوط ہو سکے۔‘
ایک دن پہلے منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔‘
سعودی عرب کے دورہ کے اختتام پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’آئندہ چند روز میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزرا کو پاکستان سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کیں، اس کے لیے بھی اُن کا بے حد شکر گزار ہوں۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے وزرا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے قیادت کے درمیان مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے بھرپور تیاری کی۔‘
ان کے مطابق ’سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کے وفد کے دورے سے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لیے پوری محنت سے کام کریں گے۔‘
’پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔‘

شیئر: