عازمین دورانِ حج سیاسی سرگرمیوں سے گریز کریں: پاکستان علما کونسل کا ضابطہ اخلاق جاری
عازمین دورانِ حج سیاسی سرگرمیوں سے گریز کریں: پاکستان علما کونسل کا ضابطہ اخلاق جاری
جمعہ 3 مئی 2024 20:31
رواں برس 63 ہزار 805 پاکستانی عازمین سرکاری سکیم کے تحت حج ادا کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان علما کونسل (پی یو سی) کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی نے پاکستانی عازمینِ حج پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے ادائیگی کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں۔
عرب نیوز کے مطابق پی یو سی کے چیئرمین اور حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ طاہر محمود اشرفی نے جمعے کو پاکستانی عازمین کے لیے ایک تفصیلی ضابطہ اخلاق کی رونمائی کی ہے۔
یہ ضابطہ اخلاق پرائیویٹ حج آپریٹرز کے ذریعے سعودی عرب جانے والے پاکستانی عازمین کے لیے ہے۔
انہوں نے عازمین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بجائے صرف مجاز حج آپریٹرز کے ذریعے بکنگ کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے دھوکے سے بچا جا سکے۔
طاہر محمود اشرفی نے فریضۂ حج کی ادائیگی کے دوران سیلفیاں اور ویڈیوز بنانے جیسے ’خلل پیدا کرنے والے‘ کاموں گریز کی ہدایت کی ہے جن سے دیگر عازمین کو مشکلات پیش آتی ہیں۔
پاکستان علما کونسل کے بیان کے مطابق ’چیئرمین پی یو سی نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عازمین حج کے دوران خاص طور پر مسجد الحرام اور دیگر مقدس مقامات پر کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیاں نہ کریں۔‘
’انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف اسلامی تعلیمات اور شریعت کے منافی ہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے تاثر کو بھی خراب کرتی ہیں۔‘
سنہ 2022 میں مدینہ کی پولیس نے کم از کم پانچ پاکستانیوں کو اس وقت کی پاکستانی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی کو مسجد نبوی کے احاطے میں ’برا بھلا کہنے‘ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
اس وقت سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ چند افراد پاکستانی وزرا کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ اس کے بعد پاکستان کی پولیس نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کے پارٹی کے ارکان کے خلاف بھی اس اقدام کی’منصوبہ بندی اور سازش‘ کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
پاکستان علما کونسل کے مطابق حج کا ضابطہ اخلاق قرآن و سنت کے احکامات کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہے جس کے مطابق حج حلال کمائی سے ہوتا ہے اور اس کی ادائیگی کے دوران جھگڑوں سے گریز لازم ہے۔
پی یو سی نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ حج کے ارکان کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں اور ضرورت پڑنے پر رہنمائی لیں۔
پاکستان میں اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا حج کوٹہ مقرر کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’زائرین کو چاہیے کہ وہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے مقرر کردہ اصولوں، حج اور عمرہ گروپوں کے مقرر کردہ ضوابط پر عمل کریں اور اللہ کے احکام کی اطاعت کو ترجیح دیں۔‘
پاکستان میں اس برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا حج کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق ان میں سے 63 ہزار 805 عازمین سرکاری سکیم کے تحت حج ادا کریں گے جبکہ باقی کو نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے رہائش فراہم کی جائے گی۔
پاکستان اپنا حج فلائٹ آپریشن نو مئی کو شروع کرنے والا ہے جو نو جون کو اختتام پذیر ہو گا۔
رواں برس حج 14 جون سے 19 جون تک جاری رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔