وزیراعظم شہباز شریف کی معروف سعودی شاعر شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کے انتقال پر تعزیت
معروف سعودی شاعر، ادیب اور مصنف شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کی فائل فوٹو
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی عرب کے معروف شاعر، ادیب اور مصنف شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کی وفات یقینا سعودی عرب ہی نہیں پورے جزیرہ عرب میں ان کے مداحوں کے لیے بڑے غم کی خبر ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ’شہزادہ بدر کا لکھا سعودی عرب کے قومی دن پر سب سے زیادہ سنا جانے نغمہ ان کی یاد ہمیشہ دلاتا رہے گا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی قیادت، عوام اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔
سعودی عرب کے معروف شاعر، ادیب، مصنف اور نقاد شہزادہ بدر بن عبد المحسن سنیچر کو 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
شہزادہ بدر بن عبد المحسن دو اپریل 1949 کو ریاض میں پیدا ہوئے تھے۔
شہزادہ بدر بن عبد المحسن جزیرہ عرب کے جدید شعرا میں مانے جاتے ہیں۔ انہوں نے شعر وادب کے حوالے سے اعلیٰ خدمات انجام دی ہیں اور کئی تصانیف چھوڑی ہیں۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے انہیں 2019 میں شاہ عبد العزیز کا تمغہ نوازا تھا۔