وزیرِمملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی سعودی آئی ٹی کمپنیز کے وفد سے ملاقات
وزارت آئی ٹی نے کہا ’ہم سعودی کمپنیوں کو ایک مستحکم اور باسہولت ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں‘ (فائل فوٹو: وزارت آئی ٹی)
پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی) شزا فاطمہ خواجہ نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی آئی ٹی کمپنیز کے وفد سے ملاقات کی ہے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جاری کردہ بیان کے مطابق پیر کو سعودی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی نے پاکستانی مارکیٹ میں سعودی کاروباری کمپنیوں کی آمد کو خوش آئندہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی کمپنیوں کو ایک مستحکم اور باسہولت ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
’ہم سعودی کمپنیوں کی جانب سے شراکت داری کے مواقع اور مشترکہ پروجیکٹس کی امکانات کی تلاش کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘
شزا فاطمہ خواجہ نے سعودی وفد سے پاکستانی کی تکنیکی صلاحیتیوں کو سعودی مارکیٹ میں بروئے کار لانے سے متعلق بھی بات چیت کی۔
سعودی آئی ٹی کمپنیز کے وفد کے ساتھ اس ملاقات میں ڈیجیٹل پاکستان کمیٹی کی کنوینیئر تانیہ ایدروس، وزارت آئی ٹی کی ایڈیشنل سیکریٹری عائشہ حمیرہ موریانی اور ٹیلی کام کے رکن محمد جہانزیب رحیم موجود تھے۔