سعودی عرب کی ترکیہ میں کثیر القومی مشترکہ مشقوں میں شرکت
سعودی عرب کی ترکیہ میں کثیر القومی مشترکہ مشقوں میں شرکت
جمعرات 9 مئی 2024 0:03
مشترکہ مشقوں میں متعدد برادر اور دوست ملک شریک ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی آرمڈ فورسز کا دستہ ترکی میں کثیر القومی مشترکہ مشقوں ایفیس 2024 میں شرکت کےلیے ترکیہ پہنچا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترکہ کے شہر ازمیر میں ہونے والی مشترکہ مشقوں میں متعدد برادر اور دوست ملک شریک ہیں۔
مشترکہ مشقوں میں شرکت کے لیے انقرہ پہنچنے پر سعودی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی اور مشترکہ مشقوں کے کمانڈر کموڈور عادل بن محمد الکثمی نے سعودی فورسز کے دستے کا خیرمقدم کیا۔
مشترکہ مشقیں دو مراحل میں ہوں گی۔ پہلا مرحلہ استنبول کے ملٹری نیشنل وار سینٹر، ازمیر کے جوائنٹ کمانڈ سینٹر میں کمانڈ سینٹر مشق جبکہ دوسرے مرحلے میں ازمیرکے کارتال کیمپ میں فیلڈ مشق کی جائے گی۔
آرمڈ فورسز ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ میجر جنرل عادل بن محمد البلوی نے کہا کہ ’مشقوں کا مقصد فورسز کے درمیان تجربات کا تبادلہ، مختلف آپریشنل ماحول میں مشتترکہ آپریشنز کی پلاننگ و کوآرڈینیشن کی مشق، جنگی صلاحیت اور شریک ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو بڑھانا ہے‘۔
انہوں نے بتایا’ مشقوں میں حصہ لینے والے یونٹ بحری لینڈنگ آپریشنز، سرچ اینڈ ریسکیو اور ڈرون کے خطرات سے نمٹنے کے علاوہ لائیو ایمونیشن کا استعمال کرتے ہوئے ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ سمیت متعدد فیلڈ جنگی حربے انجام دیں گے‘۔