Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے لیے کوئی نرمی نہیں: وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’ایک سال قبل ہماری قومی عزت اور وقار کی علامتوں اور پاک وطن کے تقدس پر حملہ کیا گیا، سانحہ 9مئی میں ملوث شر پسندوں، سہولت کاروں اور اکسانے والوں کے لیے کوئی معافی نہیں۔‘
جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ ’جھوٹ کے لبادے میں سچ کی روشنی کو نہیں چھپایا جا سکتا، آج سے ایک سال قبل نہ صرف ہماری قومی عزت اور وقار کی علامتوں پر حملہ کیا گیا۔ بلکہ یہ حملہ پاک وطن کے تقدس کو پامال کرنے کے مترادف تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ ’اس حوالے سے قطعی طور پر کوئی نرمی نہیں ہو سکتی۔ سانحہ 9مئی میں ملوث شر پسندوں، سہولت کاروں اور اکسانے والوں کے لئے کوئی معافی نہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’آئیے عہد کریں کہ سانحہ 9مئی کو کبھی دہرانے نہیں دیں گے۔‘
پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد گزشتہ برس نو مئی کو ملک کے متعدد شہروں میں احتجاج کے دوران سرکاری اور نجی املاک پر حملے کیے گئے تھے۔ اس دوران ریڈیو پاکستان پشاور اور کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ کو نذرِ آتش کیا گیا تھا۔
اس واقعے کا ایک سال پورا ہونے پر ملک بھر میں سرکاری سطح پر اس کی مذمت کی جا رہی ہے اور ’نو مئی، دوبارہ کبھی نہیں‘ کے سلوگن کے ساتھ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ 
اس حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔

واقعے کا ایک سال پورا ہونے پر ملک بھر میں سرکاری سطح پر اس کی مذمت کی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
ریڈ زون جانے والے تمام راستے سیل کر کے صرف مارگلہ روڈ کو آمد و رفت کے لیے کھلا رکھا گیا۔
کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نو مئی کو نہ صرف پاکستان کے خلاف بغاوت کی گئی بلکہ ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’کوئی ملک اپنے شہدا کے ساتھ اس طرح کا سلوک برداشت نہیں کر سکتا۔ جس طرح جتھے حملہ آور ہوئے اس کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ نومئی کو حملے اس لیے کیے گئے کیونکہ کٹھ پتلی حکومت کو ہٹایا گیا تھا۔ حملہ آور فسادیوں کو قانون نے اپنی گرفت میں لیا۔

صدر مملکت کا 9 مئی کے واقعات پر بیان

قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

نو مئی کو پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت پر بھی حملہ کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

’9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا اور پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے۔ حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے۔‘
9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے ساتھ  سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، آئی ایس پی آر
ادھر پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سانحہ 9 مئی (یوم سیاہ) پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔
جمعرات کو ’سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر افواجِ پاکستان کا واضح موقف‘ کے عنوان سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا۔‘
’ان شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی، جس کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی۔ پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور ان کے سرغنوں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ان شر پسند عناصر کا بنیادی مقصد افراتفری پھیلا کر عوام اور مسلح افواج کے درمیان تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا تھا۔ قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہونے کے بعد، اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی۔‘
’ان شرپسند عناصر نے بیانیے کو توڑ مروڑ کر شرمناک طریقے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام  ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی۔‘

وزیراعظم نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ انہی وجوہات کی بنا پر 9 مئی کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔
9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ’مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کو اسی طرح کے غلط طرز عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے۔‘

شیئر: