روٹ ٹو مکہ‘: سعودی سفیر نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منصوبے کا افتتاح کردیا
روٹ ٹو مکہ‘: سعودی سفیر نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منصوبے کا افتتاح کردیا
جمعہ 10 مئی 2024 18:16
پاکستان کے سیکریٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے سعودی سفیر نواف بن سعيد المالكی کے ہمراہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
سیکریٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے جمعے کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ہمراہ ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبہ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری مذہبی امور کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی، اینٹی نارکوٹکس، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے اعلٰی حکام اور دیگر حکومتی عہدے دار بھی موجود تھے۔
ذوالفقار حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد سے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کی سعودی امیگریشن اور کسٹم کے مراحل اسلام آباد میں ہی مکمل ہو جائیں گے۔
’اس طرح یہ عازمین سعودی ایئرپورٹ سے مختصر وقت میں باہر آکر اپنی بسوں کے ذریعے رہائش گاہوں کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔‘
ان کے مطابق ’رواں سال اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ سے جانے والے حجاج بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔‘
سیکریٹری مذہبی امور کہتے ہیں کہ ’گذشتہ برس ’روٹ ٹو مکہ‘ کے ذریعے جانے والے حجاج کی تعداد 26 ہزار تھی جبکہ رواں سال کوشش کی ہے کہ پاکستانی عازمین حج کی دو گنا تعداد اس سہولت سے استفادہ کرے۔‘
ذوالفقار حیدر نے مزید بتایا کہ ’سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے حج کے مراحل میں آسانی اور سہولیات کی فراہمی قابل ستائش ہے۔‘
اس موقعے پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ ’روٹ ٹو مکہ‘ ایک بڑا اقدام ہے، اس سے پاکستانی حجاج کرام کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات ملیں گی۔‘
’سعودی حکومت اپنے مہمانوں کی خدمت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے ’روٹ ٹو مکہ‘ کے حوالے سے اقدامات پر شکر گزار ہیں۔‘
انہوں ںے مزید کہا کہ ’ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ سال پاکستانی عازمین کو دیگر ایئرپورٹس پر بھی ’روٹ ٹو مکہ‘ کی سہولت فراہم کریں۔‘
تقریب کے آخر میں سعودی سفیر سعودی عرب نواف بن سعید المالکی نے عازمین حج سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انہیں تحائف بھی پیش کیے۔