Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کا چھٹا سال، سات ممالک کے گیارہ ایئرپورٹس شامل

عازمین کو سفر حج کے حوالے سے متعدد سہولتیں دی جارہی ہیں۔(فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ نے عازمین حج کے لیے مکہ روٹ انیشیٹو کو جاری رکھا ہے جو سعودی وژن 2030 کے پراگراموں میں سے ایک ہے۔
ایس پی اے کے مطابق روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے چھٹے سال سات ممالک کے گیارہ ائیرپورٹ پرعازمین حج کو ان کے ملک میں امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ان ممالک میں پاکستان، بنگلہ دیش، ملائیشیا، انڈونیشیا، مراکش، کوٹ ڈی آئیوری اور ترکیہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ روٹ ٹو مکہ انشیٹو عازمین حج  کےلیے وزارت داخلہ کے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے۔
اس کے تحت عازمین حج کو سفر حج کے حوالے سے متعدد سہولتیں دی جارہی ہیں۔
آن لائن ویزے کے اجرا سے فنگر پرنٹس، امیگریشن، کسٹم اور صحت ضوابط  چیک کرنے تک تمام کام متعلقہ ملک ہی میں کیے جاتے ہیں۔ 
 
عازمین کی سہولت کے لیے ان کے ملک میں امیگریشن کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کی وجہ سے انہیں مملکت پہنچنے پرکسی قسم کا انتظارنہیں کرنا پڑتا۔ 
 انیشیٹو کے تحت عازمین کے مملکت  پہنچنے پر ان کا سامان براہ راست طیارے سے بسوں میں منتقل کردیا جاتا ہے۔
بسیں عازمین حج کو مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ ان کی رہائش پر پہنچا دیتی ہیں جبکہ متعلقہ ادارے عازمین حج کا سامان طے شدہ پروگرام کے مطابق ان کی رہائش پر منتقل کرتے ہیں۔

’مکہ روٹ‘ کا منصوبہ تجرباتی طور پرملایشیا سے شروع کیا گیا تھا۔(فوٹو: ایس پی اے)

واضح رہے وزارت داخلہ اوروزارت حج وعمرہ کے تعاون سے ’مکہ روٹ‘ کا منصوبہ تجرباتی طورپرملایشیا سے شروع کیا گیا تھا۔
پروگرام کے دوسرے برس انڈونیشیا کے لیے تجرباتی طورپر یہ سہولت فراہم کی گئی بعدازاں پاکستان کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا۔ 
وزارت داخلہ اس اقدام کو عازمین حج کی خدمت کے لیے چھٹے سال میں وزارت خارجہ، صحت، حج وعمرہ، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن، زکوۃ اینڈ ٹیکس اتھارٹی، اور سدایا کے تعاون سے نافذ کر رہی ہے۔

شیئر: