شاہ سلمان مرکز کی پاکستان سمیت دیگر ممالک میں امدادی سرگرمیاں جاری
شاہ سلمان مرکز کی پاکستان سمیت دیگر ممالک میں امدادی سرگرمیاں جاری
جمعہ 10 مئی 2024 20:15
سوڈانی پناہ گزینوں میں امداد کی فراہمی منصوبے کے تحت 450 شیلٹر بیگز تقسیم کیے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن، پاکستان، سوڈان، شام اور لبنان میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
شاہ سلمان مرکز نے یمن کے ضلع المکلا میں نور رضاکار پروجیکٹ کا آغاز کیا۔ رضاکارانہ طبی پروگرام 4 مئی سے 30 مئی 2024 تک جاری رہے گا۔
اخبار 24 کے مطابق مرکز نے آنکھوں کے مختلف بیماریوں میں مبتلا یمنی افراد کے معائنے، علاج اور ضرورت کے تحت آپریشن کیے جو کامیاب رہے۔
یمن کے المکلا ضلع کے حضرموت گورنریٹ میں بچوں کے امراض قلب کی مختلف سرجریز بھی جاری ہیں جس میں مختلف شعبوں کے 15 رضاکار ماہرین شریک ہیں یہ پروجیکٹ 5 سے 12 مئی تک جاری رہے گا۔
شاہ سلمان مرکز کا کہنا ہے مہم کے آغاز سے اب تک مرکز کی رضاکارانہ طبی ٹیم نے 8 اوپن ہارٹ سرجریز، 5 تشخیصی کیتھرائزیشنز اور 9 کو علاج معالجے کی مکمل سہولت فراہم کی گئی۔
مرکز کا کہنا ہے عدن گورنریٹ کے شہزادہ محمد بن سلمان ہسپتال میں بچوں اور بڑوں کے لیے کارڈیک سرجری اورکیتھرائزیشن کے لیے طبی منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے طبی ٹیم نے 68 معائنے اور ان کے علاج کیے جبکہ 15 اوپن ہارٹ سرجریز کے کیسز بھی نمٹائے گئے۔ یہ طبی منصوبہ 4 سے 15 مئی تک جاری رہے گا اس میں 23 طبی ماہر رضاکاروں نے شرکت کی۔
شاہ سلمان مرکز کا کہنا ہے پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے متاثرین میں 710 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئیں جن سے 4.9 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا۔
مرکز نے سوڈانی پناہ گزینوں میں امداد کی فراہمی منصوبے کے تحت بے گھر لوگوں میں 450 شیلٹر بیگز القضارف علاقے میں تقسیم کیے۔ اس سے 2.5 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا۔
شاہ سلمان مرکز جنگ اور مختلف آفات سے متاثرین کی دیکھ بھال کے لیے قائم بین الاقوامی سوسائٹی کے ساتھ مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت شامیوں اور لبنانی متاثرین کی عکار گورنریٹ کے قصبے بینن میں صحت خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس پروجیکٹ سے ایک لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔
معاہدے کے تحت شامی پناہ گزینوں اور اس علاسقے میں رہنے والے لبنانی شہریوں کو عکار اور اطراف کے علاقوں میں مفت دواؤں کی فراہمی کے علاوہ غذائی امداد بھی فراہم کی جائے گی جبکہ ویکسین کی معمول کی مہم بھی جاری رہیں گی۔
یاد رہے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے جنگ اور آفات سے متاثرین کے لیے بین الاقوامی سوسائٹی کے ساتھ مشترکہ تعاون کا معاہدہ بھی کیا ہے جس کے تحت یمن کے تعز ضلع میں مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز کے منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں