ریاض میں فوڈ پوائزنگ کا سبب مایونیز، مارکیٹ سے سٹاک واپس، پروڈکشن بند
حکام نے ریستوران کو سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت بلدیات و دہی ترقی کا کہنا ہے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق’ ریاض میں فوڈ پوائزنگ کے واقعے کا سبب ’بون ٹم‘ برانڈ کا مایونیز تھا‘۔
خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق گزشتہ ہفتے ریاض کے ایک معروف فاسٹ فوڈ چین سے کھانا کھانے والے متعدد افراد زہرخورانی کا شکار ہوگئے تھے۔
مقامی حکام نے ریستوران کو سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا جس میں بلدیات اور فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی ٹیمیں شامل تھیں۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ’ زہر خورانی کا سبب بنے والا بیکٹریا ’کلوسٹریڈیم بوٹولینم‘ ہے جو مبینہ طورپر مایونیز کی وجہ سے کھانے میں منتقل ہوا تھا‘۔
اتھارٹی نے فاسٹ فوڈ چین کے مرکزی کچن کا تفصیلی معائنہ کیا جس میں ثابت ہوا بیکٹریا ’بی او این ، مایونیز میں پایا گیا۔
وزارت بلدیات کا کہنا تھا’ اس مادے کی ایک فیکٹری میں موجودگی کا انکشاف ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کی پروڈکشن کو فوری طورپرروک دیا گیا‘۔
’مملکت کے تمام شہروں کی مارکیٹوں اور سپراسٹورز وغیرہ سے مایونیز کو اٹھا لیا گیا‘۔
بلدیہ نے تمام ہوٹلوں، ریستوران اور فاسٹ فوڈ چینز کو ہدایات کی ہے کہ وہ اس مایونیز استعمال نہ کریں بلکہ اسے فوری طورپر تلف کردیا جائے۔