Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جبل النور کے دامن میں ’حرا ثقافتی مرکز‘ عازمین کی توجہ کا خاص مقام

مرکز کا دورہ کرنے والوں نے بہترین انتظامات پر حکام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ فوٹو واس
مکہ مکرمہ میں جبل النور کے دامن میں بنایا گیا ’حرا ثقافتی مرکز‘ اپنی اسلامی ثقافتی تاریخ اور علمی حوالے سے زائرین کی خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جبل النور کے علاقے میں بنایا گیا یہ منصوبہ 67 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔
حرا ثقافتی مرکز میں عازمین اور زائرین کے لیے اسلامی تاریخ کے آغاز اور پہلی وحی کے نزول کی کہانی منفرد خاکوں کی مدد سے بیان کی گئی ہے۔
مرکز میں موجود خاص پویلین ’وحی نمائش‘ میں زائرین کے لیے آڈیو اور ویڈیو کی مدد سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی سیرت مبارکہ ، پہلی وحی نازل ہونے کا واقعہ اور حضرت خدیجہؓ سے متعلق کہانی بیان کی گئی ہے۔
حرا ثقافتی مرکز میں قرآن پاک میوزیم بھی بنایا گیا ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے منفرد انداز میں قرآن پاک کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
جبل النور کے قریب قائم مرکز میں اسلامی ثقافت کے حوالے سے لائبریری کے علاوہ ایک باغیچہ بھی بنایا گیا ہے جو عازمین کو پرسکون ماحول مہیا کرتا ہے۔

حرا ثقافتی مرکز میں قرآن پاک میوزیم بھی بنایا گیا ہے۔ فوٹو واس

اس مقام پر سعودی کافی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے میوزیم قائم کیا گیا ہے یہاں موجود ریسٹورنٹ اور کافی شاپ پر سعودی قہوے سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ سعودی کافی کی تجارت اور مملکت بھر میں اس کی تیاری سے متعلق طریقہ کار کی آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے۔

جبل النور کے دامن می یہ منصوبہ 67 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے۔ فوٹو واس

حرا ثقافتی مرکز میں رائل کمیشن برائے مکہ شہر و مقدس مقامات، گورنر ہاؤس مکہ، وزارت ثقافت، وزارت سیاحت، مقدس شہر کی بلدیہ، عازمین کی خدمات پروگرام کی جنرل اتھارٹی کے تعاون سے عازمین کو سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

حرا ثقافتی مرکز میں  پہلی وحی کے نزول کی معلومات موجود ہیں۔ فوٹو واس

انڈونیشیا کی خاتون اول ایریانا، مالدیپ کے وزیر خارجہ موسی ضمیر، ترکیہ میں نظامت مذہبی امور کے صدر ڈاکٹر علی ارباس اور تیونس کے وزیر مذہبی امور ابراہیم بن محمد الشیبی اور دنیا بھر سے آنے والے معزز مہمانوں نے حال ہی میں حرا ثقافتی مرکز کا دورہ کیا ہے۔
مرکز کا دورہ کرنے والے معزز مہمانوں نے یہاں آنے والے زائرین اور عازمین کو  ثقافتی اور مذہبی معلومات فراہم کرنے کے بہترین انتظامات پر سعودی حکام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
 
 
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: