سعودی عرب کے سنیما گھروں میں فلم بینوں کی تعداد کیوں بڑھنے لگی؟
شائقین سے مقامی فلموں کی نمائش والے شو ہاؤس فل جاتے ہیں (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں سنیما کے ٹکٹوں کی قیمت میں کمی کے بعد فلم بینوں کی تعداد میں 90 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ٹکٹوں میں کمی سے بیشتر افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فلم دیکھنے آنے لگے ہیں۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے سنیما سوسائٹی کے سی ای او ھانی الملا نے کہا کہ ’سنیما ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے سے دور رس نتائج برامد ہوں گے جبکہ اس شعبے سے ہونے والی آمدنی کے اثرات فلم سازی کی صنعت پر بھی مرتب ہوں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی فلمیں شائقین میں غیرمعمولی طور پر مقبول ہو رہی ہیں۔ جن سنیماؤں میں مقامی فلموں کی نمائش ہوتی ہے وہ شو ہاؤس فل جاتے ہیں جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مملکت میں فلم سازی کی صنعت بھی ترقی کی جانب رواں ہے۔‘
سنیما سوسائٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’مملکت کی سطح پر پہلی ایسوسی ایشن ہے جو فلموں کے شعبے سے متعلق ہے اس کے بعد فلم سوسائٹی قائم ہوئی اور دونوں کے اشتراک و تعاون سے اس شعبے کی بہتری کےلیے کام کیا گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سوسائٹی کی جانب سے سنیما کے شعبے کو مزید وسعت دینے پر کام کیا جا رہا ہے جس کے تحت نہ صرف سینما کے سیکٹر میں بلکہ فلم سازی کے شعبے میں بھی مقامی اور عالمی طور پر مختلف امور انجام دیے جا رہے ہیں۔‘
‘الخبر میں تین ہزارمیٹر مربع رقبے پر سنیما کمپاؤنڈ میں مختلف شعبے بنائے جا رہے ہیں جن میں فلم سازی کے لیے سٹوڈیو اوردیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔‘