Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے سنیماؤں میں فلموں کی نمائش کے چھ سال مکمل

مملکت میں سینما گھر دوبارہ کھلنے کے بعد سے فلمی شعبے نے کافی ترقی کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں فلموں کی نمائش کے چھ سال مکمل ہو گئے ہیں، 35 سال قبل مملکت میں پھلتی پھولتی فلم انڈسٹری کا خیال ناممکن لگتا تھا جو آج ایک حقیقت ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 18 اپریل 2018 کو عرصہ دراز کے بعد سنیما گھر دوبارہ کھلنے کے بعد سے مملکت میں فلمی شعبے نے کافی ترقی کی ہے۔
باکس آفس کی مجموعی آمدنی تقریباً ایک ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ یہاں تک کہ  کورونا کے برسوں کی بندش بھی فلمی صنعت کے عروج کو روکنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔
سعودی عرب  کے متعدد شہر اب اپنے عالمی معیار کے فلم تھیٹروں پر فخر کرتے ہیں جو تازہ ترین بین الاقوامی بلاک بسٹر، علاقائی ہٹ اور ملکی پروڈکشنز کی نمائش کر رہے ہیں۔
مملکت میں منعقد ہونے والے کئی ایک مقامی فلمی میلوں میں مقامی فلم سازی کی صلاحیت اب معمول کے مطابق نمایاں ہوتی جا رہی ہے۔
وزارت ثقافت کے تحت سعودی فلم کمیشن کے 2020 میں قیام اور دسمبر 2021 میں ریڈ سی فلم فیسٹیول کے آغاز کے بعد بہت سے مقامی افراد جو بیرون ملک پروڈکشن ہاؤسز میں کام کر رہے تھے مملکت میں منتقل ہوئے ہیں۔

مملکت کے متعدد شہر عالمی معیار کے فلم تھیٹروں پر فخر کرتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ریڈ سی فلم فیسٹیول کے سی ای او اور سعودی فلم پروڈیوسرمحمد الترکی نے بتایا ہے کہ 2018 کا سال سعودی فلم سازوں اور ناظرین کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی باکس آفس تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور یہ کامیابیاں فلم بینوں کے لیے دلفریب کہانیاں تیار کرنے کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں جو ہماری ثقافت میں شامل ہیں۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کے سی ای او نے کہا کہ سعودی فلم ساز مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔
مقامی فلم سازوں میں توفیق الزیدی، قدوس برادران، علی الکلثمی اور مشال الجسر شامل ہیں جو انتھک محنت سے اپنا بہترین کام پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ریڈ سی فاؤنڈیشن کے تحت فلم سازوں کے لیے کورسز منعقد ہوتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

مملکت میں سنیما پر پابندی ہٹائے جانے کے بعد 2019 میں بنائی گئی ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن نے عالمی سنیما کیلنڈر میں بڑے اجتماعات کے ساتھ مشرق وسطیٰ کے بڑے فلمی میلوں میں سے ایک کا انعقاد کیا۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن نے سعودی فلم سازوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ عرب دنیا، افریقہ اور ایشیا کے فلم سازوں کے لیے خاص طور پر تیار کیے گئے متعدد پروگرام اور اقدامات تیار کیے ہیں۔
محمد الترکی نے کہا کہ ’ہمارے پروگراموں میں ریڈ سی فنڈ شامل ہے جو فلم کے منصوبوں کو ترقی سے لے کر پوسٹ پروڈکشن تک مختلف مراحل میں مالی مدد فراہم کرتا ہے۔‘

مقامی فلم ساز اپنا بہترین کام پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ریڈ سی فاؤنڈیشن کے زیرتحت فلم سازوں کے لیے تربیتی ورکشاپس اور متعدد کورسز منعقد کیے جاتے ہیں۔
مزید برآں ریڈ سی سوک متعدد ترقیاتی پروگراموں کے ساتھ نیٹ ورکنگ مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے حالیہ کامیاب اقدامات میں سیریز مینیا فیسٹیول کے ساتھ تعاون شامل ہے جس نے بہت سے ہونہار سعودی فلم سازوں کو اپنے ٹیلی ویژن پروجیکٹس آگے بڑھانے اور دنیا کے سب سے بڑے ٹیلی ویژن میلوں میں سے ایک میں نمائش کے قابل بنایا ہے۔
محمد الترکی نے بتایا کہ عنقریب ہم ابھرتے ہوئے سعودی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے مقصد سے بہت سے ویلیو ایڈنگ پروگرام شروع کر رہے ہیں۔
 

شیئر: