Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابھا:  بارش کے بعد جامنی رنگ کے پھولوں کی بہار

مخصوص قسم  کے درختوں پر پھولوں نے خوشبو کے ساتھ اپنا حسن بکھیر دیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے عسیر میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد پرفضا شہر ابھا خوبصورت بنفشی رنگ کے پھولوں سے بھر گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق  شہر کی متعدد شاہراہوں پر موجود مخصوص قسم جکرانڈا کے درختوں پر جامنی رنگ کے پھولوں نے خوشبو کے ساتھ اپنا حسن بکھیر دیا ہے۔

عسیر ریجن میں تاحد نظر پھیلے جامنی رنگ کے پھولوں والے یہ درخت ایسا دلکش منظر پیش کرتے ہیں جو علاقوں میں پکنک منانے والوں اور سیاحوں کی تعداد بڑھانے کا ذریعہ ہیں۔
مملکت میں عسیر کا یہ علاقہ 25 ہزار سے زیادہ جکرانڈا نسل کے درختوں کا مسکن کہلاتا ہے، جامنی پھولوں والے ان درختوں میں سے بعض کی اونچائی 60 فٹ تک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ جکرانڈا کے درختوں اور جھاڑیوں کی تقریباً 45 انواع  ایسی ہیں جو معتدل علاقوں میں پھلنے پھولنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں جکرانڈا کے درختوں کا انتخاب مقامی ماحول کی ضروریات کے مطابق کیا گیا ہے۔
ابھا میں موسم بہار اور موسم گرما کے دوران معتدل آب و ہوا نے عسیر میونسپلٹی کو کامیابی کے ساتھ ان درختوں کو افزائش اور پرورش میں مدد کی ہے۔

شہر کی بلدیہ نے بہت سی اہم شاہراہوں، عوامی مقامات، پارکوں اور چوراہوں  کے قریب ان درختوں کی کاشت کے دائرہ کار کو وسعت دی ہے۔
بنفشی رنگ کے پھولوں والے درختوں کی افزائش سعودی وژن 2030 کے مطابق ہے اور یہ مملکت میں شجرکاری اور پھولوں کے پودے لگانے کے سالانہ منصوبے کا حصہ ہے۔

شہر کی شاہراہوں کی خوبصورتی کو مزید بڑھانے، آکسیجن کی مقدار میں اضافہ کرنے اور  علاقے میں سیاحوں کی توجہ بڑھانے کے پیش نظر ان درختوں کی آبیاری کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ جکرانڈا کے درخت پر پھول آٹھ ہفتوں تک رہتے ہیں اور ایک مخصوص خوشبو دیتے ہیں جو بارش کے بعد مزید پھیلتی ہے۔
 

شیئر: