Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطین میں پُرتشدد کارروائیاں، کینیڈا میں چار ’انتہا پسند‘ اسرائیلیوں پر پابندیاں

غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں رپورٹ ہوئیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
کینیڈا نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے الزام میں چار اسرائیلیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر اتحادیوں کی طرح کینیڈا بھی فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کی کوششوں میں شامل ہو رہا ہے۔
کینیڈا کی جانب سے ’انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں‘ کے خلاف یہ پہلا قدم ہے۔
کینیڈین وزارت خارجہ کے مطابق یہ پابندیاں ان اسرائیلی آبادکاروں پرعائد کی گئی ہیں جن پر فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک کے خلاف تشدد اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
اپریل میں فرانس نے کہا تھا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف تشدد میں ملوث اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔
سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے مقبوضہ علاقوں میں بھی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
اپریل ہی میں یورپی یونین نے مغربی کنارے اور یروشلم میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے الزام میں چار اسرائیلی آبادکاروں اور دو آبادکار تنظیموں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

شیئر: