Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رفح میں مزید اسرائیلی فوجی داخل ہوں گے: وزیر دفاع یوو گیلنٹ

غزہ جنگ کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ فوجی کارروائیوں میں شدت آنے پر مزید فوجی ’رفح میں داخل‘ ہوں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ آپریشن جاری رہے گا اور اضافی فورسز رفح میں داخل ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس علاقے میں کئی سرنگیں ہمارے فوجیوں نے تباہ کر دی ہیں۔۔۔ اس کارروائی میں مزید شدت آئے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں دہشت گردی سے جڑے اہداف کو پہلے ہی نشانہ بنایا جا چکا ہے، اور ہماری فورسز علاقے میں منصوبہ بندی کے ساتھ آپریشن کر رہی ہیں۔‘
اسرائیلی فورسز نے مئی کے اوائل میں مصر کی سرحد سے ملحقہ رفح راہداری کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے الاونروا نے کہا ہے کہ رفح میں فوجی آپریشن میں شدت آنے سے چھ لاکھ افراد رفح سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے حماس کی بقیہ بٹالین کو ختم کرنے کے لیے رفح میں مکمل زمینی آپریشن شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
یوو گیلنٹ نے کہا کہ حماس کے خلاف فوج کی کارروائی نے عسکریت پسند گروپ کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ رفح میں فوجی کارروائی میں مزید شدت آئے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’حماس ایسی تنظیم نہیں ہے جو دوبارہ منظم ہو سکے، اس کے پاس ریزرو دستے نہیں ہیں، اس کے پاس سپلائی کا ذخیرہ نہیں ہے اور ان دہشت گردوں کے علاج کی صلاحیت بھی نہیں ہے جنہیں ہم نشانہ بناتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نتیجہ یہ ہے کہ ہم حماس کو تھکا رہے ہیں۔‘
تاہم اسرائیل کے اتحادی امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ اس نے رفح میں شہریوں کے تحفظ کے لیے کوئی قابل اعتبار اسرائیلی منصوبہ نہیں دیکھا۔
غزہ جنگ سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے غیرمعمولی حملے کے بعد شروع ہوئی جس کے نتیجے میں اسرائیل میں 1170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
حماس کے زیر اقتدار غزہ میں وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی فوجی جوابی کارروائی میں کم از کم 35 ہزار 272 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

شیئر: