روؤف حسن پر حملہ، پی ٹی آئی کا تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ
پولیس کے مطابق رؤف حسن کو بلیڈ مارا گیا تھا۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کو مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس حملے کی تحقیقات کرائے، یہ وبا آگے بھی پھیل سکتی ہے۔
اس موقع پر رؤف حسن نے کہا کہ اگر اس طرح کا حملہ پھر ہوا تو ملک بھر میں پرامن احتجاج کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز منگل کو پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون مرکز میں حملہ کیا گیا تھا جب وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے نکل کر جا رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں رؤف حسن کو دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کا چہرہ اور کپڑے خون آلود ہیں اور وہ اس حالت میں ٹی وی چینل کے دفتر میں واپس جا رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’رؤف حسن کو نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر بلیڈ مارا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق رؤف حسن کو خواجہ سراؤں نے چہرے پر بلیڈ مارا۔‘
منگل کو ہی اسلام آباد پولیس نے نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔
عمر ایوب نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ رؤف حسن پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے اور ایک روز پہلے بھی ہوا تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تیز دھار آلے سے شہہ رگ کاٹنے کی کوشش کی گئی، ایک بہت بڑا حادثہ ہونے جا رہا تھا۔
عمر ایوب نے اسلام آباد پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’یہ بتایا جائے کہ ایف آئی آر کس نے لکھوائی ہے۔ ایف آئی آر میں دہشتگردی نام کی کوئی چیز نہیں شامل کی گئی ہے۔‘