سعودی عرب سیاحتی شعبے میں تیز رفتار ترقی کرنے والے ممالک میں دوسرے نمبر پر
گرین سعودی عرب انیشیٹو کے تحت کافی کام کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت اور اقوام متحدہ کی سیاحتی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین احمد الخطیب نے کہا ہے کہ ’سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق مملکت میں سیاحت کے شعبے نے غیرمعمولی ترقی کی ہے‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق وزیر سیاحت مسقط میں اقوام متحدہ کی ذیلی سیاحتی تنظیم برائے مشرق وسطی کے 50 ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
احمد الخطیب نے کہا کہ’ سعودی عرب میں عالمی سطح پر سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف علاقوں میں مثالی ترقیاتی اقدامات کیے گئے ہیں ۔
علاوہ ازیں گرین سعودی عرب انیشیٹو کے تحت کافی کام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی سربراہی میں انتہائی مختصر مدت میں سعودی عرب نے عالمی سطح پر مثالی سیاحتی ملک کے طور پر اپنی شناخت قائم کی ہے جو سیاحوں کے لیے منفرد اور پرکشش ملک کی حیثیت اختیار کرگیا‘۔
’ دنیا میں سیاحتی شعبے میں تیز رفتار ترقی کرنے والے ممالک میں سعودی عرب نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے‘۔