تین ماہ کے دوران سیاحوں کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ہوا: سعودی وزیر سیاحت
سیاحوں کے اخراجات 17 فیصد سے زیادہ رہے۔ (فوٹو الاخباریہ چینل)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ ’مملکت اور خلیج عرب میں سیاحت کے لیے دروازے کھلے ہیں‘۔
الاخباریہ چینل کے مطابق ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم میں ’وکیشن اکنامک‘ کے عنوان سے پینل سیشن میں کہا کہ ’ہم دنیا کو اپنی ثقافت اور تہذیب جاننے کا موقع دینا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ’2024 کی پہلی سہ ماہی میں سیاحوں کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سیاحوں کے اخراجات میں 17 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ‘۔
احمد الخطیب نے گزشتہ پانچ سال میں سیاحت میں مملکت کی کامیابیوں کے حوالے سے بتایا کہ ’سیاحت کی آمدنی 34 بلین ڈالر تھی جو گزشتہ سال بڑھ کر 66 بلین ڈالر تک پہنچ گئی‘۔
’مملکت نے قومی سیاحتی حکمت عملی کے اہداف حاصل کرلیے۔ رواں سال سیاحت سے آمدنی کا ہدف 80 بلین ڈالر تک پہنچانے کا ہے‘۔
سعودی وزیر نے سیاحت کے شعبے میں اہم سرمایہ کاری کے حوالے سے کہا کہ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس شعبے کی ترقی اور تجربے کے لیے آگے لانا ہے‘۔
’ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس شاندار ساحل، سمندر، اچھی مہمان نوازی اور سعودیوں اور عربوں کی سخاوت ہے‘۔
سعودی وزیر سیاحت نے کہا ’سیاحوں نے مملکت کے جن علاقوں کا سب سے زیادہ وزٹ کیا ان میں ریاض، جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، العلا اور البحرالاحمر ہیں۔ان میں خلیجی شہری سرفہرست ہیں اس کے بعد برٹش اور پھر پر جرمن ہیں‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں