’آئی سی سی کا سفیر نہیں لیکن گھر پر ورلڈ کپ ٹرافی ہے‘، سریش رائنا کیوں بھڑک اٹھے؟
’آئی سی سی کا سفیر نہیں لیکن گھر پر ورلڈ کپ ٹرافی ہے‘، سریش رائنا کیوں بھڑک اٹھے؟
جمعہ 24 مئی 2024 17:29
سریش رائنا نے تبصرہ کیا کہ ’میں آئی سی سی کا سفیر نہیں ہوں لیکن میرے گھر پر 2011 کے ورلڈ کپ کی ٹرافی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے سابق کرکٹر سریش رائنا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پاکستانی صحافی کی پوسٹ پر بھڑک اٹھے۔
سریش رائنا نے جمعے کو پاکستانی صحافی عمران صدیقی کی پوسٹ پر جارحانہ انداز میں تبصرہ کیا اور شاہد آفریدی سمیت پاکستانی شائقین کرکٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ہوا کچھ یوں کہ کچھ روز قبل سریش رائنا نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پلے آف مرحلے میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میچ کے دوران ہندی کمنٹری کرتے ہوئے شاہد آفریدی کے بارے میں مذاق کیا۔
دورانِ کمنٹری ساتھی کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے سریش رائنا سے پوچھا کہ کیا آیا وہ بھی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اس پر رائنا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ سریش رائنا ہوں، شاہد آفریدی نہیں۔‘
اس کے بعد پاکستانی صحافی عمران صدیقی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے شاہد آفریدی کو سفیر مقرر کیا ہے۔ ہیلو سریش رائنا؟‘
اس کے جواب میں سریش رائنا نے جارحانہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ’میں آئی سی سی کا سفیر نہیں ہوں لیکن میرے گھر پر 2011 کے ورلڈ کپ کی ٹرافی ہے۔ موہالی (پاک انڈیا سیمی فائنل) میچ یاد ہے؟ امید کرتا ہوں اس سے آپ کی دلخراش یادیں دوبارہ تازہ ہو جائیں گی۔‘
خیال رہے کہ آئی سی سی نے شاہد آفریدی کو اگلے مہینے سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے سفیر مقرر کیا ہے۔
آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے شاہد آفریدی کے علاوہ سابق انڈین آل راؤنڈر یوراج سنگھ، سابق ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل اور سابق جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ کو بھی سفیر مقرر کیا ہے۔