اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی، مہمانوں کا لگژری کروز پر سفر
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی، مہمانوں کا لگژری کروز پر سفر
پیر 27 مئی 2024 12:05
بالی وڈ کی مشہور شخصیات، کرکٹرز اور امبانی خاندان کے دیگر ہائی پروفائل دوست ارب پتی مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے پہلے کی دوسری تقریب میں شرکت کے لیے اٹلی جا رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال مارچ میں جام نگر کی تقریبات کی طرح یہ بھی شاندار ایونٹ ہو گا۔
عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو اپنی بیٹی راہا کپور، رنویر سنگھ، سلمان خان جبکہ سابق انڈین کرکٹ کپتان ایم ایس دھونی کو اپنی اہلیہ ساکشی دھونی اور بیٹی زیوا کے ساتھ پیر کو ممبئی کے نجی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی لگژری کروز پری ویڈنگ تقریبات میں کیا کچھ ہو گا؟
دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق 28 اور 30 مئی کے درمیان لگژری کروز لائنر پر سوار تقریباً 800 مہمانوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
مہمانوں کو ایک لگژری کروز جہاز پر سوار کیا جائے گا جو اٹلی سے فرانس کے جنوب میں چار ہزار 380 کلومیٹر کا خوبصورت سفر شروع کرے گا۔
29 مئی کو جشن کا آغاز استقبالیہ لنچ کے ساتھ ہو گا جس کے بعد ’سٹاری نائٹ‘ تھیم پر مشتمل ایوننگ گالا کا اہتمام ہو گا۔
30 مئی کو مہمان سیاحتی دن کے لیے روم میں اُتریں گے، اس کے بعد ایک ڈنر پارٹی اور ایک آفٹر پارٹی ہو گی جو 31 مئی کو دوپہر ایک بجے شروع ہو گی۔
کروز پر تہوار کی صبح کے بعد مہمان کانز میں لینڈ کریں گے جہاں میسکیوریڈ پارٹی ہو گی۔ یہ تقریب یکم جون کو اٹلی کے شہر پورٹوفینو میں ختم ہو گی۔
600 ارکان مہمان نوازی کے لیے مامور ہوں گے جو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امبانی خاندان کے مہمانوں کی ہر خواہش کو پورا کیا جائے۔
مہمانوں کی فہرست میں سلمان خان، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ اور دیگر مشہور شخصیات شامل ہیں جو جام نگر پارٹی کا بھی حصہ تھے۔
امبانی خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے عامر خان اور شاہ رخ خان کی اپنی فیملی کے ہمراہ تقریبات میں شرکت کا امکان ہے۔
پری ویڈنگ کروز کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ پورا جشن خلائی تھیم پر مبنی ہو گا۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے رادھیکا مرچنٹ گریس لنگ کوچر پیس پہنیں گی۔ حال ہی میں انسٹنٹ بالی وڈ نے انسٹاگرام پر ان کے لباس کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔
امبانی فیملی کے ہائی پروفائل مہمانوں کے لیے پُرتکلف کھانوں کا اہتمام کیا جائے گا جیسا کہ جام نگر میں منعقدہ تقریبات میں کیا گیا تھا۔ ان تقریبات میں پارسی، تھائی، میکسیکن اور جاپانی پکوانوں سمیت ایک وسیع مینو پیش کیا گیا تھا۔