Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارک زکربرگ بھی حیرت زدہ، ’امبانی کے سامنے سب مڈل کلاس‘

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ تقریب میں بالی وڈ کے تینوں خان ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے۔ (فوٹو: رائٹرز)
ایشیا کے امیر ترین شخص اور ارب پتی مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے قبل تین روزہ جشن کی تقریبات کی انڈیا سمیت دنیا بھر میں دھوم مچی ہوئی ہے۔
اننت امبانی اور اُن کی ہونے والی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات کا یکم مارچ سے گجرات کے شہر جام نگر میں آغاز ہوا تھا جس میں بالی وڈ کے نامور ستاروں، کرکٹرز اور دنیا کی بااثر ترین شخصیات نے شرکت کی۔
مہمانوں کی فہرست ایک ہزار سے زائد افراد پر مشتمل تھی جن میں بل گیٹس، مارک زکربرگ، اوانکا ٹرمپ، انڈین ارب پتی گوتم اڈانی اور کمار منگالم برلا کے نام بھی شامل ہیں۔
ان تقریبات کے دوران دنیا بھر کی امیر ترین اور بااثر شخصیات آپس میں گھلتی ملتی دکھائی دیں۔ میٹا کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پرسیلا چن بھی اس تقریب سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔
اسی حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ اننت امبانی کی کلائی میں بندھی مہنگی گھڑی کو دیکھ کر حیران ہو رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں پرسیلا چن کہہ رہی ہیں ’واہ، آپ کی گھڑی لاجواب ہے،‘ ساتھ ہی مارک زکربرگ بولے ’ہاں، میں نے بھی انہیں یہی کہا ہے۔‘
پرسیلا چن نے پوچھا ’یہ گھڑی کون بناتا ہے؟ جس پر اننت امبانی نے کہا ’رچرڈ مل۔‘ یہ سن کر مارک زکربرگ نے کہا ’میں کبھی گھڑیوں کا شوقین نہیں رہا، لیکن یہ دیکھنے کے بعد مجھے لگتا ہے گھڑیاں واقعی اچھی چیز ہیں۔‘ اتنے میں پرسیلا بولیں ’میں بھی یہ لینا چاہوں گی۔‘
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اننت امبانی کی گھڑی کا کافی چرچہ ہے اور صارفین یہ دعویٰ کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ اس گھڑی کی قیمت 14 کروڑ انڈین روپے کے قریب ہے جو پاکستانی 47 کروڑ سے بھی زائد بنتے ہیں۔
کافی سوشل میڈیا صارفین یہ کہتے بھی دکھائی دیے کہ ’امبانی کے سامنے سب مڈل کلاس ہیں۔‘

دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو وائرل ہوچکی ہے جس میں بالی وڈ کے کنگ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان سے ایک رپورٹر نے سوال کیا کہ بالی وڈ میں سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان ایک ساتھ کسی فلم میں دکھائی دیں گے؟ جس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ کوئی ہم تینوں کو ایک ساتھ افورڈ نہیں کر سکتا۔
اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے اننت امبانی کی تقریب سے ہی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں تینوں خان ایک ساتھ ڈانس کر رہے ہیں۔ صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’امبانی نے وہ کر دیا جو بالی وڈ کبھی نہ کر سکا۔‘

 

شیئر: