جھانوی کپور نے شیکھر پہاڑیا سے شادی کی افواہوں کی تردید کر دی
جھانوی کپور کہتی ہیں کہ ’میں نے حالیہ دنوں میں کچھ انتہائی مضحکہ خیز پڑھا جس میں نے اپنے افیئر کی تصدیق کی‘ (فوٹو: گیٹی امیجز)
بالی وڈ کی اداکارہ جھانوی کپور نے پولو کھلاڑی اور کاروباری شخصیت شیکھر پہاڑیا سے شادی کی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں جھانوی کپور نے بتایا کہ کیسے انہیں شیکھر پہاڑیا سے افیئر اور پھر اُن سے شادی کی خبریں پڑھنے کو ملیں۔
جھانوی کپور اپنے انٹرویو میں کہتی ہیں کہ ’میں نے حالیہ دنوں میں کچھ انتہائی مضحکہ خیز پڑھا جہاں میں نے اپنے افیئر کی تصدیق کی اور اس بات کی بھی تصدیق کی میری شادی ہونے والی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’لوگوں نے تین چار (نیوز) آرٹیکل مکس کیے اور کہا کہ میری شادی ہونے والی ہے۔ لوگ میری ایک ہفتے میں شادی کر رہے ہیں۔ میں ابھی کام کرنا چاہتی ہوں۔‘
خیال رہے کہ جھانوی کپور اور شیکھر پہاڑیا اکثر ایک ساتھ مندر میں جاتے رہتے ہیں اور دونوں کئی برسوں سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب جھانوی کپور کی نئی فلم مسٹر اینڈ مسز ماہی 31 مئی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس فلم کی کہانی مسٹر (راجکمار راؤ) اور مسز (جھانوی کپور) ماہی نامی میاں بیوی کے گرد گھومتی ہے جہاں مسٹر ماہی کرکٹر بننے کا خواب دیکھتے ہیں لیکن اس خواب کی ناکامی کے بعد وہ اپنی اہلیہ کو اپنی کوچنگ میں قومی کرکٹر بناتے ہیں۔
مسٹر اینڈ مسز ماہی کی مرکزی کاسٹ میں راجکمار راؤ، جھانوی کپور، کومُود مشرا، رجیش شرما اور ابھیشیک بینر جی شامل ہیں۔
اس فلم کی ہدایت کاری شرن شرما نے کی ہے۔