اننیا پانڈے سارہ علی خان اور جھانوی کپور کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند
اننیا پانڈے حالیہ دنوں میں دبئی میں پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں (فوٹو: اننیا پانڈے انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی اداکارہ اننیا پانڈے ساتھی نوجوان اداکاراؤں سارہ علی خان اور جھانوی کپور کے ساتھ فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اننیا پانڈے کہتی ہیں کہ وہ سارہ علی خان اور جھانوی کپور کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا ان تینوں کی صلاحیتیں مختلف ہیں جس سے ناظرین بہت لطف اندوز ہوں گے۔
اننیا پانڈے نے ای ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال سے یہ بہت مزیدار ہوگا کہ اگر وہ سارہ، جھانوی اور مجھے فلم میں کاسٹ کریں، کیونکہ ہم تینوں کی صلاحتیں بہت مختلف ہیں۔ مجھے وہ بطور پرفارمر بہت پسند ہیں اور وہ میری دوست بھی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ لوگ ہم تینوں کو بڑی سکرین پر ایک ساتھ دیکھ کر خوش ہوں گے۔‘
اننیا پانڈے حالیہ دنوں میں دبئی میں پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ انہیں آخری مرتبہ تیلگو اور ہندی فلم ’لائیگر‘ میں تیلگو سپر سٹار وجے دیوارا کونڈا کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ اننیا پانڈے کچھ مزید فلموں میں بھی کام کر رہی ہیں جن میں ہدایتکار وکرم آدتیہ موتوانے کی فلم بھی شامل ہے۔
24 سالہ اداکارہ بالی وُڈ کے اداکار ایوشمن کھرانا کی سوشل کامیڈی فلم ’ڈریم گرل‘ کے سیکوئل اور ’کھو گئے ہم کہاں‘ میں بھی کام کریں گی، جبکہ وہ آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم پرائم ویڈیو کی آنے والی سیریز ’کال می بے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
بالی وُڈ میں خاتون ایکٹر کو لیڈ میں رکھ کر فلم بنانے کا ٹرینڈ کوئی نیا نہیں ہے، تاہم خواتین کے موضوعات پر فلمیں بنانے کی تعداد نہایت کم ہے۔
سنہ 2018 میں ہدایتکارہ ریا کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈینگ‘ ریلیز ہوئی تھی جس میں کرینہ کپور خان، سونم کپور، سوارا بھاسکر اور شیکھا تلسانیا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوگئی تھی۔
اس فلم کی کامیابی کے بعد ریا کپور نے اعلان کیا تھا کہ وہ ’دی پرنس‘ نامی فلم پروڈیوس کریں گی جس کی لیڈ کاسٹ میں تبو، کریتی سینن اور کرینہ کپور شامل ہوں گی۔
اس سے قبل مشہور ہدایتکار فرحان اختر نے اعلان کیا تھا کہ وہ کترینہ کیف، پریانکا چوپڑا اور عالیہ بھٹ کو ایک روڈ ٹرپ فلم میں کاسٹ کر رہے ہیں۔
زویا اختر اور فرحان اختر حالیہ دنوں میں اسی فلم ’جی لے زرا‘ پر کام کر رہے ہیں جس کا 2021 میں ان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا۔