Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے رفح میں مسلسل اسرائیل کی نسل کشی کارروائیوں کی مذمت

اس کے لیے اسرائیلی حکام کو مکمل طور پر ذمہ دار ہیں۔(فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے رفح میں نہتے فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں کو نشانہ بنا کر فلسطینی عوام کے خلاف جاری قتل عام کی مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا تھا منگل کو رفح کے مغرب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے قبل رفح میں واقع ایک کیمپ میں آگ لگنے سے کم از کم 45 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ’ سعودی عرب سمجھتا ہے کہ رفح اور تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے اسرائیلی حکام کو مکمل طور پر ذمہ دار ہیں‘۔
بیان میں بین الاقوامی برادری  پر زور دیا گیا کہ ’وہ فلسطینی عوام کے خلاف قتل عام کو رکوانے اور ذمہ داروں کو احتساب کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے‘۔
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔
تنظیم کے جنرل سکریٹری جنرل شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی نے اسرائیل کی جانب سے تمام بین الاقوامی، انسانی قوانین اور اصولوں کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
انپوں نے مزید کہا ’فلسطینی عوام جس انسانی المیے سے گزر رہے ہیں وہ بدتر ہوتا جا رہا ہے اور انسانیت کے ضمیر پر ایک داغ بن گیا ہے‘۔
انہوں نے ہولناک قتل عام کو روکنے اور فلسطینی عوام کو درپیش انسانی تباہی کے خاتمے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا۔

شیئر: