سعودی وزیر نقل و حمل و لاجسٹک سروسز انجیئنرصالح بن ناصرالجاسر نے جدہ رنگ روڈ ٹو کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر روڈ اتھارٹی کے قائمقام سی ای او انجینئربدر الدلامی بھی موجود تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق رنگ روڈ 2 جدہ شہر کے جنوبی علاقے کو شمالی علاقے سے جوڑنے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو گا۔
اس سے شہر میں ٹریفک ازدحام میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ رنگ روڈ 2 سے ہیوی ٹریفک کا لوڈ رنگ روڈ 1 سے کم ہوجائے گا جس سے وہاں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔
رنگ روڈ 2 پر 660 ملین ریال کی لاگت آئی ہے۔ یہ شاہراہ ہر دوسمت میں چار رویہ ہے جبکہ اس پر 5 کراسنگ اور 11 پل بنائے گئے ہیں۔
نئی شاہراہ کنگ فیصل روڈ سے شروع ہوتی ہوئی شہزادہ محمد بن سلمان روڈ (مکہ ، جدہ ہائی وے ) پرملتی ہے۔ شاہراہ 31 کلومیٹرطویل ہے۔