Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات لائیں، فرانسیسی صدر کا محمود عباس پر زور

صدر ایمانوئل میخواں نے کہا کہ غزہ جنگ میں شہری ہلاکتیں ناقابل برداشت ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ ضروری اصلاحات پر عمل درآمد کریں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو ٹیلی فون پر بات چیت میں ایمانوئل میخواں نے یورپی اور عرب شراکت داروں کے ساتھ مل کر امن کے مشترکہ وژن کی تعمیر کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
صدر ایمانوئل میخواں نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے لیے سکیورٹی انتظامات کی پیشکش کی اور کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے امکان کو ایک فائدہ مند عمل کا حصہ بنایا جائے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ اور فرانسیسی صدر کے درمیان رابطہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب حال ہی میں یورپی ممالک سپین، آئر لینڈ اور ناروے نے فلسطین کو بطور ایک ریاست تسلیم کر لیا ہے۔
فرانس کے وزیر خارجہ سٹیفن سیجورن نے اسرائیل فلسطین تنازع کا حل پیش کرنے کے بجائے ہمسایہ ممالک پر تنقید کی کہ 9 جون کے یورپی انتخابات سے پہلے ہی انہوں نے ’سیاسی پوزیشن‘ اختیار کر لی ہے۔
منگل کو ایمانوئل میخواں نے کہا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ایسا اقدام ’کسی فائدہ مند موقع‘ پر کرنا چاہیے بجائے یہ کہ جذبات پر مبنی ہو۔
ایمانوئل میخواں نے ٹیلی فون پر بارت چیت میں محمود عباس کو کہا کہ فرانس ’اصلاح شدہ اور مضبوط فلسطینی اتھارٹی کی حمایت کرتا ہے، جو فلسطینی عوام کے مفاد کے لیے غزہ کی پٹی سمیت پورے فلسطینی علاقوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے قابل ہو۔‘

فرانس نے سکیورٹی کونسل میں رفح پر حملے سے متعلق قرارداد کی حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

محمود عباس کے دفتر سے جاری  بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے فرانسیسی صدر کے ساتھ بات چیت میں ’اصلاحات‘ کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے دیگر یورپی ممالک سے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
میخواں نے شہری ہلاکتوں کو ’ناقابل برداشت‘ قرار دیا اور رفح میں کیمپ پر حملے کے لیے ’فلسطینی عوام کے ساتھ مخلصانہ تعزیت‘ پیش کی۔
انہوں نے محمود عباس کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں الجیریا اور اس کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ رفح سے متعلق ایک مضبوط بیان جاری کیا جائے۔
الجیریا کی جانب سے تیار کی گئی قرارداد کے مسودے میں اسرائیل سے رفح میں فوجی کارروائی فوری روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شیئر: